وفاقی کابینہ نے بھارت سے کپاس اور چینی درآمد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
وزیرِاعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی کابینہ نے بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تجویز مسترد کر دی۔
اجلاس کے دوران کابینہ نے ملکی سیاسی اور معاشی صورتِ حال پر غور کیا۔
کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ وفاقی وزیرِ خزانہ حماد اظہر بہترین طریقے سے ملکی معیشت سنبھا لیں گے۔
اجلاس میں کورونا وائرس کی تیسری لہر پر وزیرِ اعظم عمران خان اور اراکینِ کابینہ کو بریفنگ دی گئی، وزیرِاعظم اور کابینہ ارکین نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر اظہارِ تشویش کیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ایس او پیز پر ہر صورت عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ماسک سے متعلق ملک گیر مہم چلائی جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی، ملک مکمل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا، عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے خزانہ حماد اظہر کی زیرِ صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس کے دوران بھارت سے روئی اور چینی کی درآمد کی اجازت کی سمری پیش کی گئی تھی جس پر ای سی سی کی جانب سے بھارت سے کاٹن، یارن اور 5 لاکھ میٹرک ٹن تک چینی درآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
وزارتِ تجارت کی جانب سے بھارت سے چینی، کپاس اور دھاگہ درآمد کرنے کی سمریاں وزیرِاعظم عمران خان کی اجازت کے بعد ای سی سی کو بھجوائی گئی تھیں۔
اس سے قبل وفاقی وزیرِ خزانہ حماد اظہر نے بھی بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
Comments are closed.