منگل 27؍رمضان المبارک 1444ھ18؍اپریل2023ء

پاکستان بار کونسل ممبران کے ایک گروپ نے مشترکہ اعلامیہ مسترد کردیا

پاکستان بار کونسل (پی بی سی) میں بھی اختلافات سامنے آ گئے۔

پی بی سی ممبران کے ایک گروپ نے گزشتہ روز کا مشترکہ اعلامیہ مسترد کردیا اور کہا کہ ہم تمام ممبران کونسل کے نام نہاد یوم سیاہ کو مسترد کرتے ہیں۔

ممبران پی بی سی عابد زبیری، حفیظ الرحمان چوہدری، منیر کاکڑ، شفقت محمود چوہان، طاہر سرفراز عباسی، اشتیاق احمد خان، شہاب سرکی نے اعلامیہ جاری کردیا۔

اعلامیے کے مطابق یوم سیاہ کو عدلیہ کی آزادی، قانون کی عمل داری اور آئین کی بالادستی پر حملہ تصور کرتے ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ صوبائی بار اور سپریم کورٹ بار کے کچھ ممبران کی کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے کی مذمت کرتے ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پی بی سی کا مشترکہ اعلامیہ بدنیتی پر مبنی ہے، جس کا مقصد عدلیہ کی آزادی کو نقصان پہنچانا ہے، پاکستان بار عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے اور عدلیہ کی آزادی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

اعلامیے کے مطابق آل پاکستان لائرز کانفرنس کا اعلامیہ سیاسی ایجنڈے کے تحت بظاہر کسی خاص گروہ کے چند افراد کی سرپرستی میں جاری کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق کانفرنس کا اعلامیہ صرف اور صرف عدلیہ کی آزادی اور سپریم کورٹ پر حملہ ہے، مشترکہ اعلامیہ توہین آمیز اور آئین سے انحراف ہے۔

پی بی سی کے ایک گروپ کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ روز اجلاس میں پاکستان بار کے 23 میں صرف 8 ممبران شریک ہوئے جبکہ 150 بار کونسلوں میں سے 18 صوبائی بار کونسلوں کے ممبران شریک ہوئے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ حکومتی ایماء پر چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے خلاف کی جانے والی کسی بھی سازش کا بھرپور جواب دیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے خلاف سازش کرنے والے سازشی محرکات کو بے نقاب کریں گے، اقلیتی گروپ کے فیصلے کو پاکستان بھر کے وکلاء نے مسترد کر دیا ہے، تمام سیاسی قوتیں سپریم کورٹ کے احکامات من و عن تسلیم کریں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.