جمعرات 8؍رمضان المبارک 1444ھ30؍مارچ 2023ء

موبائل فون ایجاد کرنے والا انجینئر آج کیوں پریشان ہے؟

انسان  کے ہاتھ میں ہر وقت موجود دنیا بھر سے رابطے کا ذریعہ موبائل فون ایجاد کرنے والا امریکی انجینئر اب اپنی ایجاد سے تھوڑا پریشان نظر آتا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 50 سال پہلے موبائل فون ایجاد کرنے والے مارٹن کوپر کا ماننا ہے کہ مسئلہ یہ ہے کہ لوگ موبائل فون کی اسکرین کو بہت زیادہ دیکھتے ہیں۔

کیلیفورنیا میں اپنے دفتر میں غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 94 سالہ مارٹن کوپر نے کہا کہ ہم سب کی جیبوں میں جو صاف ستھرا آلہ ہے اس میں تقریباً لامحدود صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب میں کسی کو سڑک پار کرتے ہوئے موبائل فون استعمال کرتے دیکھتا ہوں تو حیرانی ہوتی ہے، ایسے لوگوں کا دماغ خراب ہے۔

مارٹن کوپر نے اپنی اس بات پر مذاقاً کہا کہ ایسے لوگوں پر جب گاڑی چڑھ دوڑے گی پھر انہیں پتا چلے گا۔

امریکی انجینئر نے کہا کہ میں موبائل فون کا استعمال اس طرح سے کبھی نہیں سمجھ سکوں گا جیسا کہ میرے نواسے اور پر نواسے اسے استعمال کرتے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق مارٹن کوپر آج بھی مشہور برانڈ کا جدید موبائل فون استعمال کرتے ہیں اور اس میں جب بھی کوئی تبدیلی کی جاتی ہے تو وہ اسے فوراً ہی خرید لیتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مارٹن کوپر نے 3 اپریل 1973 کو پہلی مرتبہ موبائل فون سے کال ملائی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.