جنوبی کوریا میں تین یا زائد بچوں کے باپ کو لازمی فوجی سروس سے استثنیٰ دینے پر غور کیا جارہا ہے۔
جنوبی کوریا میں لازمی فوجی سروس کی سخت پالیسی نافذ ہے جس میں 18 سے 28 برس کی عمر کے جسمانی طور پر صحتمند تمام مردوں کو مسلح افواج میں 18 سے 21 ماہ تک خدمات انجام دینا ہوتی ہیں۔ لیکن اب اس قانون میں ایک ترمیم کی جارہی ہے۔
ٹائم میگزین کی رپورٹ کے مطابق اگر 30 سال سے قبل تین یا زائد بچے ہوں تو مردوں کو لازمی فوجی سروس سے استثنیٰ دے دیا جائے گا۔
جنوبی کوریا کی حکومت ملک کے گرتے ہوئے شرح پیدائش کو بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
پچھلے مہینے جنوبی کوریا کا شرح پیدائش دنیا کا کم ترین تھا، 22 مارچ کو ’چوسن البو‘ نامی اخبار نے رپورٹ کیا کہ حکمران جماعت پیدائش میں اضافے کیلئے غیر روایتی طریقوں پر غور کر رہی ہے۔
یہ منصوبے اب تک حتمی طور پر طے نہیں کیے گئے لیکن ان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا میں بہت کم شہری شادیاں کر رہے ہیں، زیادہ تر اکیلے رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کم شادیوں اور کم شرح پیدائش کی کئی وجوہات ہیں جن میں بچوں کے بڑھتے اخراجات، جائیداد کی بڑھتی قیمتیں اور اچھی ملازمتوں کے حصول میں مشکلات شامل ہیں۔
Comments are closed.