بھارتی ریاست اُتر پردیش کے شہر باغپت میں نوراتری کے موقع پر دعوت میں کھچڑی کھانے کے بعد 20 سے زائد بچے فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، باغپت کے ننانا گاؤں کے ایک مندر میں نوراتری کی دعوت میں کھچڑی کھانے سے چند مردوں سمیت 20 سے زائد بچے بیمار ہو گئے۔
جس کے بعد تمام مریضوں کو باغپت ضلع اسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق، کئی بچے کھچڑی کھانے کے فوراً بعد بے ہوش ہوگئے اور بچوں کے لواحقین میں خوف و ہراس پھیلنے لگا۔
اس معاملے پرتحقیقات کرنے کے لیے پولیس فورس اور محکمۂ صحت کی متعدد ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ فی الحال تمام مریضوں کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔
ضلع اسپتال کے چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (سی ایم ایس) ایس کے چوہدری کا کہنا ہے کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ ایک مندر سے کھچڑی کھانے کے بعد فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے دو درجن غریب بیمار ہو گئے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ دو سے تین بچوں کی حالت تشویشناک ہے اور وہ بے ہوشی کی حالت میں ہیں جبکہ دیگر افراد کی حالت نارمل ہے۔
Comments are closed.