جمعرات 8؍رمضان المبارک 1444ھ30؍مارچ 2023ء

عمران خان پیشی کیلئے لاہور سے اسلام آباد روانہ

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین، سابق وزیرِ اعظم عمران خان زمان پارک لاہور سے اسلام آباد عدالت میں پیشی کے لیے روانہ ہو گئے۔

عمران خان کا قافلہ موٹر وے پر کالا شاہ کاکو کراس کر گیا۔

عمران خان آج ( پیر) کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، وہ 5 مقدمات میں عبوری ضمانت کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں۔

عمران خان جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کے مقدمات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین پر تھانہ سی ٹی ڈی، گولڑہ اور رمنا میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔

ذرائع پی ٹی آئی لیگل ٹیم کے مطابق سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر کیسز میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی استدعا کی جائے گی۔

دریں اثناء تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی آج اسلام آباد کی کسی عدالت میں پیشی کے حوالے سے کیپیٹل پولیس کے پاس کوئی کنفرم اطلاع نہیں تھی۔

ترجمان کیپیٹل پولیس کا اس ضمن میں مؤقف تھا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں ہی سیکیورٹی انتظامات کر یں گے۔

عدالتی احکامات کے مطابق عدالت کے احاطے میں صرف متعلقہ اشخاص کو ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی، اگر ماضی کے طرزِ عمل کو اپنایا گیا تو اسلام آباد پولیس بلا تفریق تمام قانونی طریقے بروئے کار لائے گی، قانون کی مکمل عمل داری برابری کی سطح پر عمل میں لائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ہر صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے انتظامات کر لیے گئے ہیں جن میں چیئرمین پی ٹی آئی کی موومنٹ کے مطابق تبدیلی کی جا سکتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.