بدھ 29؍شعبان المعظم 1444ھ22؍مارچ 2023ء

پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے الیکشن ملتوی

پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے الیکشن ملتوی کردیے گئے، الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے کا با ضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں الیکشن 8 اکتوبر کو ہوں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کا الیکشن شیڈول واپس لے لیا، جبکہ صدر مملکت کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب نے امن و امان کی خراب صورت حال سے آگاہ کیا، آئی جی پنجاب نے دہشت گردی کے واقعات کا حوالہ دیا،  آئی جی نے کہا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل ہونے میں 5 ماہ لگیں گے، آئی جی کے مطابق پنجاب میں 3 لاکھ 86 ہزار 623 اہلکاروں کی کمی ہے، صرف فوج اور رینجرز کی تعیناتی سے ہی یہ کمی پوری ہو سکتی ہے۔

وزارت داخلہ نے کہا سول، آرمڈ فورسز اسٹیٹک ڈیوٹی کیلئے دستیاب نہیں ہوں گی، وزارت داخلہ کے مطابق فوج سرحدوں، اندرونی سیکیورٹی پر مامور ہے، وزارت داخلہ نے بتایا فوج اہم تنصیبات کے تحفظ، غیر ملکیوں کی سیکیورٹی پر مامور ہے، وزارت داخلہ کے مطابق سیاسی رہنما دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں، سیاسی رہنماؤں کو الیکشن مہم میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کے مطابق ملک میں مالی معاشی بحران ہے، آئی ایم ایف کی شرائط ہیں، حکومت کے لیے کے پی، پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے فنڈ جاری کرنا مشکل ہوگا، بتایا گیا حکومت کیلئے قومی اسمبلی، سندھ، بلوچستان کے انتخابات کیلئے فنڈ جاری کرنا مشکل ہوگا، وفاقی حکومت نے بتایا خراب معاشی صورت حال کے باعث فنڈ فراہمی مشکل ہوگی۔

سیکریٹری دفاع نے بتایا فوج کی اسٹیٹک تعیناتی نہیں کی جا سکتی، فوج صرف کوئیک رسپانس فورس کےطور پر دستیاب ہوگی، سیکریٹری دفاع کے مطابق فوج کی تعیناتی وفاقی حکومت کا صوابدیدی اختیار ہے، وفاقی حکومت کو فیصلہ کرناہے فوج سرحد، بیرونی خطرات، عوام کے تحفظ کیلئے ضروری ہے یا الیکشن ڈیوٹی کیلئے ہے، سیکریٹری دفاع کے مطابق افغانستان سے امریکی انخلاء کے بعدسیکیورٹی صورت حال خراب ہے، ملک میں 3600 بڑے آپریشن چل رہے ہیں، وفاقی حکومت نے محکمہ دفاع کی جانب سے فوج کی اسٹیٹک تعیناتی نہ کرنے کی تجویز کی تائید کی۔

اس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کے خط پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ، دفاع اور داخلہ کے مؤقف کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ کا کہنا تھا کہ موجودہ ملکی حالات میں الیکشنز کیلئے فنڈز نہیں دیے جا سکتے، کابینہ کی جانب سے فیصلے سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات مقررہ وقت پر کروانےکیلئے پابند کرنے کی درخواست نا قابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

جسٹس چوہدری محمد اقبال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نےشہری منیر احمد کی درخواست پر فیصلہ دیا تھا۔

درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ بظاہر لگ رہا ہے کہ الیکشن نہیں ہوں گے، اس لیے الیکشن کمیشن کو انتخابات کروانے کا پابند کیا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.