پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی لیگل ٹیم نے توشہ خانہ کیس میں نئی حکمت عملی اپنا لی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی بجائے آئندہ سماعتوں پر ضامن کو عدالت پیش کرنےکے لیے درخواست تیار کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نعیم پنجوتھہ کا نام بطور ضامن عمران خان کی جانب سے نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں پیش ہونے کے لیے سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسلام آباد کے لیے زمان پارک سے روانہ ہوگئے ہیں۔
توشہ خانہ کیس کی سماعت آج جوڈیشل کمپلیکس کی نیب کورٹ نمبر ون میں ہوگی۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کو فردِ جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔
سیشن عدالت نے31 جنوری کو عمران خان پر فردِجرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کی تھی اور مسلسل عدم حاضری پر سیشن عدالت نے 28 فروری کو ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
سیشن عدالت نے7 مارچ کے لیے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کراتے ہوئے عمران خان کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 7 مارچ کو وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے 13 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
عمران خان کے 13 مارچ کو پیش نہ ہونے پر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ بحال ہوگئے تھے جس کے بعد سیشن عدالت نے عمران خان کے 18 مارچ کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو آج عدالت میں پیش ہونے کے لیے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا تھا۔
واضح رہے کہ چیف کمشنر اسلام آباد نے گزشتہ روز توشہ خانہ کیس کی سماعت کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کی تھی۔
Comments are closed.