اتوار 19؍شعبان المعظم 1444ھ12؍مارچ 2023ء

کراچی ایئرپورٹ پر پھنسے دبئی کے مسافروں کیلئے متبادل پرواز کا انتظام

کراچی ایئر پورٹ پر ممکنہ طور پر پرندہ ٹکرانے سے فلائی دبئی کے طیارے کو نقصان پہنچنے سے پھنسے 168 سے زائد مسافر ٹرانزٹ لاؤنج میں دبئی جانے کے منتظر ہیں۔

طیارہ پرواز کے قابل نہ ہونے کی وجہ سے ایئر لائن کی جانب سے دوسرے طیارے کا انتظام کیا گیا ہے۔

ایئر لائن کے ذرائع کے مطابق دبئی سے متبادل طیارہ شام 6 بج کر 10 منٹ پر کراچی پہنچے گا۔

کراچی ایئر پورٹ پر غیر ملکی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا، جس کی وجہ سے انجن کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ایئر لائن کے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ یہ طیارہ کراچی ایئر پورٹ پر موجود دبئی کے 168 مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہو گا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آج صبح ٹیک آف کرتے ہی پرندہ ٹکرانے کی اطلاع ملنے پر طیارے کی واپس ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی تھی۔

فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 334 نے کراچی جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے دبئی کے لیے ٹیک آف کیا تھا، شیڈول اڑان بھرنے کے چند سیکنڈ بعد ہی بوئنگ 737 طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا تھا۔

ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو ہنگامی صورتِ حال کی اطلاع دی تھی۔

کراچی ایئر پورٹ پر غیر ملکی طیارے سے برڈ ہٹ ہونے کا معاملہ مشکوک قرار دے دیا گیا، مذکورہ طیارے کے انجن کے 3 بلیڈ ٹیڑھے ہوئے ہیں۔

ہدایت ملنے پر پائلٹ نے 10 بج کر 18 منٹ پر طیارے کو جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر واپس لینڈ کیا۔

مسافروں کو طیارے سے اتار کر ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کیا گیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.