بلوچستان ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے وارنٹِ گرفتاری 2 ہفتے کے لیے معطل کر دیے۔
عدالتِ عالیہ کے جسٹس ظہیر الدین کاکڑ نے سماعت کرتے ہوئے آئی جی، ڈی آئی جی، ایس پی لیگل، ایس ایچ او کو نوٹسز جاری کر دیے۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف مقدمے کے مدعی خلیل کاکڑ کو بھی پیشی کا نوٹس جاری کر دیا اور درخواست پر سماعت 2 ہفتوں تک ملتوی کر دی۔
اس سے قبل آج ہی بلوچستان ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف درج مقدمہ ختم کرنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کی تھی۔
آئینی درخواست انصاف لائرز فورم کے رہنماء اقبال شاہ ایڈووکیٹ نے جمع کرائی تھی جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ بجلی روڈ تھانے میں مقدمہ درج نہیں ہو سکتا، جس الزام پر مقدمہ درج ہوا وہ بجلی روڈ تھانے کی حدود ہی نہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عمران خان کے خلاف ایف آئی آر کو ختم کیا جائے۔
درخواست گزار نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کیے گئے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری معطل کرنے کی بھی استدعا کی۔
واضح رہے کہ بجلی روڈ تھانے میں عمران خان پر ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے الزام میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اسی مقدمے کے تحت کوئٹہ پولیس چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرنے کوئٹہ سے لاہور پہنچی تھی۔
Comments are closed.