امریکہ کے حساس علاقے پر چین کا مبینہ ’جاسوس غبارہ‘: سیٹلائٹ کے ہوتے چین ’غبارے‘ کیوں استعمال کر رہا ہے؟

balloon

،تصویر کا ذریعہReuters

امریکہ میں حساس مقامات کے قریب ایک مبینہ چینی جاسوس غبارے کے اڑنے کی خبر نے بہت سے لوگوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ بیجنگ سیٹلائٹ کے ہوتے ہوئے امریکی سرزمین کی نگرانی کے لیے نسبتاً غیر نفیس آلہ کیوں استعمال کرنا چاہے گا؟

چین نے کہا ہے کہ ریاست مونٹانا کے اوپر دیکھا گیا غبارہ محض ایک ’سویلین ہوائی جہاز‘ ہے جو اپنے طے شدہ راستے سے ہٹ گیا تھا، لیکن امریکہ کو شبہ ہے کہ یہ ’اونچائی سے نگرانی‘ کا آلہ ہے۔

اس مخصوص غبارے کی صلاحیتیں چاہے جیسی بھی ہوں، امریکہ نے اس خطرے کو اتنی سنجیدگی سے لیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کا دورہ چین ملتوی کر دیا گیا ہے۔

یہ دورہ 5-6 فروری کو ہونا تھا۔

سیکریٹری خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا کہ امریکی فضا میں جاسوس غبارہ اڑانے کا چینی فیصلہ ’غیر ذمہ دارانہ‘ اور ’ناقابل قبول‘ ہے۔

اس سے قبل چین کی جانب سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ یہ غبارہ غلطی سے امریکہ کی فضائی حدود میں چلا گیا تھا۔

تاہم انتھونی بلنکن نے اس واقعے کو امریکہ کی خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’یہ ایک ناقابل قبول اور غیر ذمہ دارانہ حرکت تھی۔ ایک طے شدہ دورے سے قبل پیش آنے کی وجہ سے یہ اور زیادہ غیر ذمہ دارانہ ہے۔‘

گیٹی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

امریکہ نے اس خطرے کو اتنی سنجیدگی سے لیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کا 5-6 فروری کو دورہِ چین ملتوی کر دیا گیا ہے۔

غبارے سے نگرانی، جاسوسی کی سب سے قدیم ترین ٹیکنالوجیز میں سے ایک ہیں۔

جاپانی فوج نے انھیں دوسری جنگ عظیم کے دوران امریکہ میں آگ لگانے والے بم چلانے کے لیے استعمال کیا۔ سرد جنگ کے دوران امریکہ اور سوویت یونین کی طرف سے بھی بڑے پیمانے پر جاسوسی غبارے استعمال کیے گئے تھے۔

حال ہی میں امریکہ، مبینہ طور پر پینٹاگون کے نگرانی کے نیٹ ورک میں اونچائی پر اڑنے والے انفلٹیبلز (غبارے جیسے آلات جن میں ہوا بھری ہوتی ہے) کو شامل کرنے پر غور کر رہا ہے۔

جدید غبارے عام طور پر زمین کی سطح (80000 فٹ سے 120000 فٹ) سے 24 کلومیٹر سے 37 کلومیٹر کے درمیان منڈلاتے رہتے ہیں۔

bbc

’غبارہ میزائلوں کے اڈوں کے قریب اڑ رہا تھا، راستے سے بھٹک جانے کا امکان ظاہر نہیں ہوتا‘

ائیر پاور پر عبور رکھنے والے تجزیہ کار ہی یوآن منگ نے بی بی سی کو بتایا ’بیجنگ شاید واشنگٹن کو یہ اشارہ دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ ’ہم تعلقات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ ہم ہر قسم کے ضروری ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے، کسی بھی طرح کی کشیدگی کو ہوا دیے بغیر، مقابلے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔‘

’اور اس کے لیے بظاہر بے ضرر غبارے سے بہتر اور کون سا آلہ ہے؟‘

ہی یوآن منگ کا کہنا ہے کہ یہ غبارہ ایک مخصوص میزائلوں کے اڈوں کے قریب اڑ رہا تھا، جس سے اس کے راستے سے بھٹک جانے کا امکان ظاہر نہیں ہوتا۔

گیٹی

،تصویر کا کیپشن

غباروں کو جاسوسی کیمروں اور ریڈار سینسرز جیسی جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا سکتا ہے اور نگرانی کے لیے غبارے استعمال کرنے کے کچھ فائدے ہیں

چین کے پاس امریکی انفراسٹرکچر کی جاسوسی کے دوسرے ذرائع موجود ہیں ’غبارے کا مقصد امریکیوں کو سگنل بھیجنا تھا‘

امریکی محکمہ دفاع نے جمعرات کو کہا کہ غبارہ ’نمایاں طور پر اتنی اونچائی پر ہے جہاں شہری فضائی ٹریفک فعال ہے۔‘

چین کے معاملات پر مہارت رکھنے والے ڈاکٹر بینجمن ہو کا کہنا ہے کہ بیجنگ کے پاس نگرانی کی زیادہ جدید ٹیکنالوجی موجود ہے۔

سنگاپور کے ایس راجارتنم سکول آف انٹرنیشنل سٹڈیز میں چائنا پروگرام کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ہو نے وضاحت کی کہ چین کے پاس امریکی انفراسٹرکچر کی جاسوسی کرنے یا جو بھی معلومات وہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، اس کے دوسرے ذرائع موجود ہیں۔‘

ان کا ماننا ہے کہ ’غبارے کا مقصد امریکیوں کو سگنل بھیجنا تھا اور یہ بھی دیکھنا تھا کہ امریکی کیا ردعمل ظاہر کریں گے۔‘

یہ بھی ہو سکتا ہے کہ چین چاہتا تھا کہ امریکہ غبارے کی موجودگی سے باخبر ہو۔

یہ بھی پڑھیے

گیٹی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

سنہ 1919: وان کورٹ لینڈ پارک میں مشاہداتی غبارہ

کارنیگی کونسل برائے اخلاقیات میں بین الاقوامی امور سے وابستہ آرتھر ہالینڈ مشیل کا کہنا ہے کہ شاید اس کا مقصد محض یہی ہو کہ اس کی موجودگی کی خبر ہو جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’شاید چین کوئی سنگین خطرہ مول لیے بغیر یہ ظاہر کرنے کے لیے غبارے کا استعمال کر رہا ہو کہ اس کے پاس امریکی فضائی حدود میں داخل ہونے کی جدید ترین تکنیکی صلاحیت موجود ہے۔‘

’اور اس لحاظ سے غبارہ ایک بہترین انتخاب ہے۔‘

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ غباروں کو جاسوسی کیمروں اور ریڈار سینسرز جیسی جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا سکتا ہے اور نگرانی کے لیے غبارے استعمال کرنے کے کچھ فائدے ہیں جن میں سے اہم یہ ہے کہ یہ ڈرون یا سیٹلائٹ کے مقابلے میں کم مہنگے ہیں اور انھیں کہیں بھی بھیجنا آسان ہے۔

غبارے کی دھیمی رفتار اسے زیادہ دیر تک ٹارگٹ ایریا کی نگرانی کرنے کی بھی اجازت دیتی ہے۔ دوسری طرف ایک سیٹلائٹ کی حرکت اس کے مدار کے پاس تک محدود ہوتی ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہ