وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نئے پاکستان کی بنیاد رکھ چکی ہے، 23 مارچ 1940 والے جذبے، عزم اور یکجہتی کو اپنا کر وطن عزیز کو آگے لے کر جائیں گے۔
سردار عثمان بزدار نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی کی تاریخ میں یوم پاکستان 23 مارچ کا دن کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، یہ ایک ایسا دن ہے جب آزاد وطن کے خواب کو عملی تعبیر دینے کی بنیاد رکھی گئی۔
عثمان بزدار نے کہا ہے کہ منٹو پارک کے تاریخی جلسے میں منظور کی جانے والی قرارداد پاکستان کے قیام کی بنیاد بنی، پاکستان کی منزل پانے کیلئے آگ اور خون کے دریاؤں سے گزرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم آزاد ہیں لیکن یہ آزادی بہت سی قربانیوں، کاوشوں اور محنتوں کا ثمر ہے، 23 مارچ کا دن جذبوں کی تعمیر اور خوابوں کی تعبیر کا دن ہے، حصول آزادی کا سفر کبھی آسان نہیں ہوتا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان کا سفر بتدریج جاری ہے، قوم کے ہر فرد کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، بحیثیت قوم موجودہ چیلنجز کو سمجھتے ہوئے ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے۔
Comments are closed.