امریکی ریاست ڈیلاویئر میں صدر جو بائیڈن کی رہائشگاہ سے مزید چھ خفیہ دستاویزات برآمد کرلی گئیں۔
صدر جو بائیڈن کے وکیل کے مطابق امریکی صدر کی رہائش گاہ پر محکمہ انصاف کی جانب سے 12 گھنٹے تلاشی کے دوران یہ دستاویزات ملیں، جنھیں قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
ملنے والی چھ اشیا کی درجہ بندی بطور حساس مواد کی گئی ہے۔ ضبط کیے گئے کچھ نئے کاغذات بائیڈن کے بطور سینیٹر اور کچھ نائب صدر کے دور کے ہیں۔
بائیڈن کے وکیل باب باؤر نے کہا ہے کہ پہلی تلاشی کے بعد وائٹ ہاؤس نے محکمہ انصاف کو ڈیلاویئر کی رہائشگاہ کی دوسری تلاشی کی پیشکش کی تھی جو جمعہ کو کی گئی جس کے بعد نئی خفیہ دستاویز برآمد ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
تلاشی کے دوران محمکہ انصاف کو صدر کے گھر تک مکمل رسائی حاصل تھی جس میں ذاتی طور پر ہاتھ سے لکھے گئے نوٹس، فائلیں، کاغذات، بائنڈر، یادداشتیں، کام کی فہرستیں، نظام الاوقات اور دہائیوں پرانے ریمائنڈرز بھی شامل تھے۔
اس سے قبل بھی امریکی صدر کی ڈیلاویئر کی رہائش گاہ اور واشنگٹن میں ان کے دفتر سے حساس دستاویزات برآمد کی جاچکی ہیں۔
Comments are closed.