وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ اور حکومت پر کوئی دباؤ نہیں، عمران خان کی دھمکیاں، بیانیہ دفن ہوچکا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عارف علوی مسکین آدمی ہیں، وہ عمران خان کے سامنے کوئی بات نہیں کر سکتا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ چاہتے ہیں عمران خان 17 دسمبر کو تاریخ نہ دیں، دونوں اسمبلیاں ہی توڑ دیں، جس اسمبلی کو توڑ دیا جائے گا وہاں الیکشن کروایا جائے گا، جس اسمبلی سے استعفے دیں گے وہاں ضمنی الیکشن کروائے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم پنجاب میں اکثریت حاصل کرلیں گے، نواز شریف ن لیگ کی انتخابی مہم کو لیڈ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو جو سہولتیں 2018 میں حاصل تھیں وہ اب حاصل نہیں ہوں گی، پی ٹی آئی قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے کر بلیک میل کرنا چاہتی ہے، جو سیاسی نقصان ہونا تھا وہ ہو چکا ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ آج بھی وفاقی حکومت نگران حکومت کے حوالے کر دیں تو 90 دن ملک پر بھاری گزریں گے، عمران خان پاکستان کو ڈیفالٹ کروانے کیلئے تحریک چلا رہا ہے۔
Comments are closed.