پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان میں ویمن لیگ کے شروع ہونے کی منتظر ہیں، لیگ اس وقت ہماری ویمن کرکٹ کے لیے وقت کی ضرورت ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بسمہ معروف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ شروع کرنے کا اچھا فیصلہ کیا ہے، کئی غیر ملکی کھلاڑی بھی پاکستان ویمن لیگ کے لیے پرجوش ہیں، انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے میری کئی ساتھی کھلاڑیوں سے اس حوالے سے بات بھی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک میں کوالٹی کرکٹ کھیلنا چاہتی ہیں، آئرلینڈ ٹیم کا دورۂ پاکستان ہمارے لیے اچھا رہا، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں بنچ اسٹرنتھ کو آزمانے کا موقع ملا۔
بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ہارنے پر مایوسی ہوئی لیکن ہماری کچھ کھلاڑی ان فٹ تھیں، ورلڈ کپ سے قبل ہمیں اپنی اسٹرنتھ جاننے کا موقع ملا ہے۔
قومی ٹیم کی کپتان نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں ہم اچھا نہیں کھیلے لیکن ایشیا کپ اچھا رہا، ورلڈ کپ سے پہلے ہم بہت پازیٹو ہیں، پریشر میں ہمیں اب اچھا کھیلنا ہے، میں چاہتی ہوں کہ ہم آخری بال تک فائٹ کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں چاہتی ہوں کے پاکستان کی ویمن پلیئرز بھی ویمن لیگز کھیلیں اور تجربہ حاصل کریں، ماں بننے کے بعد کھیل جاری رکھنا مشکل تھا لیکن مجھے بہت سپورٹ ملی، خاص طور پر میری والدہ نے اس معاملے میں مجھے بہت سپورٹ کیا، میری والدہ میری بیٹی فاطمہ کا خیال رکھتی ہیں، ماں اور کھلاڑی بننے کے درمیان توازن رکھنا آسان نہیں ہوتا۔
بسمہ معروف نے مزید کہا کہ میری فیملی اور شوہر نے میری مدد کرنے کے لیے بہت قربانیاں دیں،اگرمجھے سپورٹ حاصل نہ ہوتی تو میں ماں بننے کے بعد کھیل جاری نہ رکھ سکتی،مجھے علم تھا کہ یہ کام مشکل ہے لیکن میں نے دوسروں کی انسپائریشن کے لیے کھیل جاری رکھا ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میری فیملی اور شوہر نے مجھے حوصلہ دیا کہ میرا کھیل ابھی باقی ہے اسے جاری رکھنا چاہیے، کچھ لوگ حوصلہ شکنی بھی کرتے ہیں لیکن میں ایسی باتیں نہیں سنتی اور کھیل پر فوکس رکھتی ہوں۔
Comments are closed.