ہفتہ15؍جمادی الاول 1444ھ10؍دسمبر 2022ء

رونالڈو کو اکیلا چھوڑ دینے کا وقت آگیا ہے، کوچ پرتگال فٹبال ٹیم

پرتگال فٹبال ٹیم کے کوچ فرنانڈو سینٹوز پر ایک بار پھر کرسٹیانو رونالڈو سے متعلق سوالات کی بوچھاڑ کردی گئی۔

قطر میں نیوز کانفرنس کے دوران فرنانڈو سینٹوز نے کہا کہ کرسٹیانو رونالڈو کو اکیلا چھوڑ دینے کا وقت آگیا ہے۔

پریس کانفرنس میں فرنانڈو سینٹوز نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ میں کرسٹیانو رونالڈو کو نہ کھلانے سے متعلق بھی تفصیل سے بات کی۔

فرنانڈو سینٹوز نے بتایا کہ میچ والے دن کھانے کے بعد رونالڈو سے گفتگو کی اور اسے اپنے آفس بلایا، وہ واضح طور پر فیصلے سے خوش نہیں تھا۔

پرتگال فٹبال ٹیم کے کوچ نے کہا کرسٹیانو رونالڈو نے مجھ سے کہا کہ کیا آپ کو واقعی لگتا ہے کہ یہ اچھا خیال ہے؟، ہماری معمول کی بات چیت ہوئی، میں نے اپنی سوچ کی وضاحت کی جسے رونالڈو نے تسلیم کیا۔

انہوں نے کہا کہ کرسٹیانو رونالڈو نے مجھے کبھی نہیں کہا کہ وہ ٹیم کو چھوڑنا چاہتا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ہم اس بارے میں بات کرنا ختم کردیں، ہر نیوز کانفرنس میں 90 فیصد سوالات رونالڈو سے متعلق ہوتے ہیں۔

فرنانڈو سینٹوز نے کہا کہ کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ وارم اپ کرنے کا فیصلہ کیا اور ہم نے تمام گولز پر ایک ساتھ جشن بھی منایا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق پرتگال کے ایک اخبار نے اس حوالے سے لکھا تھا کہ کرسٹیانو رونالڈو نے ٹیم کے ہیڈکوچ فرنانڈو سینٹوز کے ساتھ گفتگو کے بعد ٹیم کو چھوڑنے پر غور کیا تھا۔

فرنانڈو سینٹوز نے مزید کہا کہ میچ نہ کھیلنے کے باعث بینچ پر بیٹھنے والا ہر کھلاڑی ناخوش ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ پرتگال کے ایک اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ کرسٹیانو رونالڈو نے ٹیم کے ہیڈکوچ فرنانڈو سینٹوز کے ساتھ گفتگو میں ٹیم کو چھوڑنے پر غور کیا تھا۔

یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کے اہم میچ میں کپتان رونالڈو کے بغیر ہی میدان میں اترنے والی پرتگال کی ٹیم نے سوئٹزرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں 6 گول سے عبرتناک شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.