بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

الیکشن کمیشن کے بجائے عمران خان کے استعفیٰ کا وقت آگیا، قمر زمان کائرہ

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن کمیشن سے استعفیٰ مانگ رہی ہے جبکہ عمران خان کے استعفیٰ کا وقت آگیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران قمر زمان کائرہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو حکومت نے خود بنایا تھا، اب پوچھنا یہ ہے کہ کیا ای سی پی عمران خان کی مرضی کے فیصلے کرتا؟

انہوں نے کہا کہ جعلی خواب دکھانے اور انقلاب لانے والے بے نقاب ہوگئے ہیں، ضمنی اور سینیٹ کے الیکشن نے حکومت کی قلعی کھول دی ہے۔

پی پی کے سینئر رہنما نے کہا کہ ہم صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ تسلیم نہیں کرتے کیونکہ اس سیٹ کے الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کو 49 ووٹ ملے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں میں جارہے ہیں، یہ تاخیری حربے استعمال کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نے 26 مارچ کے لانگ مارچ کے حوالے سے تجاویز دی ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ استعفوں کے معاملے پر کل پی ڈی ایم کی میٹنگ ہوگی اس میں فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی تاریخ کا بڑا مارچ کرنے جارہی ہے، ہمارا دھرنا وہ نہیں ہوگا کہ پارلیمان یا سپریم کورٹ پر چڑھ دوڑیں۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، ہمارے لیے زندگیاں اہم ہیں لیکن ملک اس سے زیادہ اہم ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.