جمعہ9؍ شوال المکرم 1442ھ21؍مئی 2021ء

ماسک کے بغیر کوئی اہلکار ڈیوٹی نہ کرے، آئی جی پنجاب

پنجاب کے شہر سرگودھا میں کورونا مریضوں میں مسلسل اضافے کے سبب 6 علاقوں میں لاک ڈاؤن کردیا گیا، ملتان کے ضلع بھر میں بھی 15 روزہ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ ماسک وردی کا حصہ ہے بغیر ماسک کوئی اہلکار ڈیوٹی نہ کرے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ ملتان کے مطابق 28 مارچ تک تعلیمی ادارے، شادی ہالز، پارکس، سینیما، تھیٹرز اور درگاہیں بند رہیں گی، گوشت، سبزی، پھل، کریانہ اسٹور صبح 7 سے رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے۔

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کی وباء کی تیسری لہر کے پیش نظر پابندیاں عائد کر دی گئیں، انتظامیہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پشاور، مردان، نوشہرہ، ایبٹ آباد، سوات، صوابی اور ملاکنڈ میں مارکیٹیں 8 بجے بند کر دی جائیں۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں تمام تجارتی مراکز کو شام 6 بجے بند کر دیا جائے گا، میڈیکل اسٹور، کلینکس، اسپتال، پیٹرول پمپس اور بیکری 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ ریسٹورنٹ میں بیٹھ کر کھانا کھانے پر پابندی ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ سرگودھا کے فوکل پرسن سکندرحیات نے کہا کہ شہر کے 6 علاقوں میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے، نیوسیٹیلائٹ ٹاؤن زیڈ بلاک، فاروق کالونی اور یونیورسٹی روڈ کے علاوہ اقبال کالونی بلاک 3 اور 4 کے کچھ علاقوں میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شرح 5 اعشاریہ ایک فیصد رہی ،مزید 2ہزار 253افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ مزید 29 افراد اس وباء سے انتقال کر گئے ہیں۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب انعام غنی نے پنجاب کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے ۔

مراسلے میں انہوں نے کہا ہے کہ ماسک وردی کا حصہ ہے کوئی اہلکار بغیر ماسک کے ڈیوٹی نہ کرے۔

ملتان میں تاجروں نے انتظامیہ کے لاک ڈاؤن کے مراسلے کو مسترد کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 29 افراد انتقال کرگئے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران کورونا کے 2 ہزار 253 نئے مریض سامنے آئے ہیں، 14 مارچ کو 44 ہزار سے زیادہ کورونا ٹیسٹ کیے گئے، مثبت کیسز کی شرح 5اعشاریہ 1 فیصد رہی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.