بدھ7؍شوال المکرم 1442ھ19؍مئی 2021ء

کورونا وائرس کی برطانوی قسم پاکستان آنے میں حکومت کی نا اہلی نہیں، یاسمین راشد

وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی برطانوی قسم پاکستان آنے میں حکومت کی نااہلی نہیں۔

پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا وائرس کی برطانوی قسم پاکستان میں آچکی ہے، جو علاقے متاثر ہوئے ہیں وہاں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے دو ہفتوں کے لیے تعلیمی ادارے بند کیے گئے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران یاسمین راشد نے کہا کہ لاہور، جہلم، اوکاڑہ، گجرات میں 70 فیصد کیس برطانوی قسم کے ہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں ویکسینیشن جاری ہے، چار روز میں 18 ہزار افراد ویکسین لگوا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 86 ہزار659 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 5 ہزار769ہو گئیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شرح 5 اعشاریہ ایک فیصد رہی ،مزید 2ہزار 253افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ مزید 29 افراد اس وباء سے انتقال کر گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار 537 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ7 ہزار 453 ہو چکی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.