پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کا انتخاب پی ڈی ایم نے جیت لیا ہے، یہ الیکشن چھینا گیا ہے اور چوری کیا گیا ہے، ہمارے امیدوار کے نام پر مہر لگی تھی، جس پر گیلانی کے سات ووٹ مسترد کیے گئے، ہم عدالت میں جائیں گے اور عدالت فیصلہ کرے گی۔
اسلام آباد میں پی ڈی ایم رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جو چیئرمین بٹھایا گیا ہے وہ اقلیتی ووٹوں کا ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اصل میں پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیت لیا ہے، صادق سنجرانی کو خود اس عہدے پر نہیں بیٹھنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اس الیکشن کو مسترد کرتا ہے، حکومت نے ووٹ چوری کیے اور ووٹ کا تقدس پامال کیا، حکومت نے 6 کیمرے لگائے اور ووٹرز کو دھمکایا، سات لوگوں نے یوسف رضا گیلانی کے نام پر مہر لگائی، پریذائیڈنگ آفیسر نے 7 ووٹ مسترد کیے جو ان کے نام پر ووٹ مہر لگی تھی۔
راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ عدالت کے سامنے یہ ووٹ آئیں گے تو عدالت ہمارے حق میں فیصلہ کرےگی، حکومتی امیدوار ہر حربے کی چوری کے باوجود ہار گئے، حکومت نے الیکشن چوری کرکے پارلیمنٹ کی توہین کی، سنجرانی جمہوریت سے محبت کرنے والے ہوتے تو کرسی پر نہ بیٹھتے، آج دنیا بھر کے جہہوریت کےحمایتیوں کے سر شرم سے جھک گئے۔
پی ڈی ایم رہنما نے کہا کہ رات وزیراعظم فرما رہے تھے کہ ہار گیا تو اسمبلی توڑ دوں گا، وزیراعظم کس کو ڈرا دیتے ہیں۔
Comments are closed.