پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز لندن پہنچ گئیں، جنید صفدر اور ان کی اہلیہ عائشہ بھی مریم کے ہمراہ ہیں۔
شریف فیملی کے افراد مریم نواز کو لینے کیلئے ائیرپورٹ پہنچے، جس کے بعد مریم نواز اپنی فیملی کے ساتھ ایون فیلڈ پہنچیں، جہاں انہوں نے اپنے بھائی حسن نواز سے ملاقات کی۔
مریم نواز کے استقبال کیلئے لیگی کارکنوں کی بہت بڑی تعداد بھی ایون فیلڈ کے سامنے جمع ہوئی۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا پاسپورٹ تین سال عدالتی تحویل میں رہا، تین اکتوبر کو لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔
مریم نواز کو چوہدری شوگر مل کیس میں 8 اگست 2019 کو جیل میں نواز شریف سے ملاقات کے وقت گرفتار کیا گیا تھا، وہ اس کیس میں 48 روز نیب کی حراست میں رہیں، جس کے بعد انھیں جیل بھیج دیا گیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ نے 31 اکتوبر 2019 کو سات کروڑ روپے اور پاسپورٹ جمع کروانے پر انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
نیب پراسیکیوٹر کی طرف سے کوئی تفیش زیر التوا نہ ہونے کے موقف کے بعد عدالت نے 3 اکتوبر 2022 کو پاسپورٹ واپس کیا۔
مریم نواز گزشتہ روز لندن آنے کیلئے پاکستان سے روانہ ہوئی تھیں، مریم نواز، پاکستان سے لندن آتے ہوئے جنید صفدر سے ملاقات کیلئے گزشتہ روز دوحہ میں رک گئی تھیں، جہاں انہوں نے سابق سینیٹر سیف الرحمان کی رہائش گاہ پر قیام کیا۔
پاکستان سے روانگی سے قبل مریم نواز نے کہا تھا کہ وہ نواز شریف سے ملنے کیلئے بے چین ہیں۔
اس سے قبل لیگی کارکنان مریم نواز کے استقبال کیلئے نواز شریف کے گھر پہنچے اور سابق وزیراعظم سے ملاقات بھی کی۔
نواز شریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کارکنوں کا کہنا تھا کہ ہم ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر مریم نواز کا استقبال کریں گے۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تمام کارکنوں کا مشکور ہوں جو مریم کا استقبال کرنے کے لیے آئے ہیں۔
Comments are closed.