بھارتی پولیس نے 12 کروڑ کی چوری میں ملوث مرکزی ملزم کو ڈھائی ماہ بعد پونہ سے گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 12 جولائی کو نجی بینک میں ہونے والی چوری میں ملوث مرکزی ملزم کی شناخت 43 سالہ الطاف شیخ کے نام سے ہوئی اور اس کے قبضے سے 9 کروڑ بھی برآمد کرلیے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم کے دیگر 5 ساتھیوں کو اس سے قبل گرفتار کیا جاچکا ہے جس میں الطاف شیخ کی بہن نیلوفر بھی شامل ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ الطاف شیخ اسی بینک میں بطور نگران کام کرتا تھا اور بینک کے لاکر کی چابیوں کی حفاظت یہ ہی کرتا تھا۔ اس نے ایک سال کے عرصے کے دوران اس چوری کی منصوبہ بندی کی اور مطلوبہ ہتھیار وقتاً فوقتاً بینک کے اندر جمع کئے۔
پولیس کے مطابق ڈکیتی کی کارروائی انجام دینے کے بعد الطاف شیخ نے اپنا حلیہ تبدیل کرلیا تھا اور شناخت چُھپانے کے لیے برقع کا استعمال کرتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات سے ممکنہ طور پر مزید ملزمان گرفتار ہوسکتے ہیں۔
Comments are closed.