لاہور میں کھیلے گئے چھٹے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کی جیت کے مرکزی کردار فل سالٹ کا کہنا تھا کہ وکٹ اتنی سیدھی نہیں تھی، انگلینڈ کی جیت کا پلیٹ فارم ٹیم کے بولرز نے سیٹ کیا تھا۔
جیو نیوز کے سیگمنٹ گیم چینجر میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے 26 سالہ انگلش کرکٹر نے کہا کہ ان کے خیال میں چھٹے ٹی ٹوئنٹی کی وکٹ اتنی ہی اچھی تھی جتنی انہیں سیریز کے دیگر میچز میں ملی۔
سالٹ نے بتایا کہ وہ بولرز کو کریڈیٹ دیں گے، انگلینڈ کے بولرز نے زبردست کھیلا اور ٹیم کی جیت کیلئے پلیٹ فارم سیٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم نے آخر میں اچھا کھیلا ورنہ ہماری کوشش تھی کہ دس پندرہ رنز کم میں محدود کرسکتے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں سالٹ نے کہا کہ ایمانداری کی بات ہے میں بڑے گیمز میں اسکور کرنا پسند کرتا ہوں، یہ بڑا گیم تھا، دو دن بعد ایک اور بڑا گیم ہے اور جب بطور ٹیم آپ بڑے گیم کیلئے جاتے ہیں تو آپ کو ایک کھلاڑی درکار ہوتا ہے جو ذمہ داری لے، آج وہ کھلاڑی میں تھا اور یہی ہماری ٹیم کی اپروچ ہے، پہلے سے لے کر گیارہویں پوزیشن تک، جس کو موقع ملے وہ گیم فنش کرکے آئے۔
انہوں نے کہا کہ سیریز تین ۔ تین سے برابر ہونے کے بعد آخری میچ کافی دلچسپ ہوگیا ہے، امید ہے آخری میچ میں بھی دلچسپ کراؤڈ ہوگا
واضح رہے کہ میچ میں فل سالٹ نے 41 گیندوں پر 88 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
Comments are closed.