وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے الیکشن کو ساری دنیا میں بد نام کردیا، اس میں کوئی شک نہیں کہ حفیظ شیخ کے خلاف آصف زرداری نے ووٹ خریدے، بطور وزیر داخلہ اطلاعات کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں انہوں نے پیسے سے ووٹ خریدے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کل بھی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں سیکریٹ ووٹ ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ سنجرانی نام ہے بلوچستان کے مستقبل اور پاکستان کی سیاست میں بلوچستان کے شیر کا، اللّٰہ سے امید ہے سنجرانی ہی جیتےگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر سب نے اعتماد کا اظہار کیا، کور کمیٹی کے ارکان نے پنجاب میں ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے پر زور دیا، میں نے خاص طور پر نالہ لئی کا کام جلد شروع کرنے کا ذکر کیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ اللّٰہ سے امید رکھتا ہوں سنجرانی جیتے اور عمران خان کو عزت دے، پی ڈی ایم کی سیاست صرف عمران خان کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا آپس میں کوئی اتفاق اور اتحاد نہیں ہے، پی ڈی ایم صرف نفرت کی سیاست کر رہی ہے، یہ ختم ہوکر دم لے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم عمران خان کی عزت، حکمرانی اور سیاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔
Comments are closed.