بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

وزیراعظم عمران خان نے نئے انتخابات کا اشارہ دیدیا

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں نئے انتخابات کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ملک کو لوٹنے والوں کے ساتھ سمجھوتہ کرکے نہیں چل سکتے، ہمیں عوامی حمایت حاصل ہے، نئے انتخابات سمیت سارے آپشنز مدِنظر رکھنا پڑیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی اجلاس ہوا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لانگ مارچ کا مقصد عوامی مفاد نہیں این آر او کا حصول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نہ پہلے دباؤ قبول کیا اور نہ آئندہ کسی دباؤ میں آؤں گا، یاد رکھیں ہم اقتدار کے لیے نہیں، نظام کی تبدیلی کے لیے آئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملک کو لوٹنے والوں کے ساتھ سمجھوتہ کرکے نہیں چل سکتے، ہمیں نئے انتخابات سمیت سارے آپشنز مدِنظر رکھنا پڑیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہمیں عوامی حمایت حاصل ہے، کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن احتجاج کی سیاست سے ملک میں افراتفری پیدا کرنا چاہتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ڈھائی سال میں بہت محنت اور مشکل سے معیشت کو سنبھالا ہے، میں میدان چھوڑ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں ہوں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

عامر کیانی اور سیف اللّٰہ نیازی نے ملک بھر میں پارٹی تنظیمی امور پر بریفنگ دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.