
وزیر اعظم عمران خان کی واضح ہدایت کے باوجود ایف بی آر بڑے شوگر ملز مالکان کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں نظر آیا، ایف بی آر کی رپورٹ پر وزیر اعظم بولے کیا ایف بی آر بڑی کمپنیوں پر ہاتھ نہیں ڈالنا چاہتا؟، سب کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔
شوگر ملز مالکان اور کمپنیوں کے خلاف ٹیکس کی عدم ادائیگی پر تحقیقات کے معاملے پر ایف بی آر کی جانب سے 400 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصولی کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے چھوٹی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرکے ٹیکس ریکور کرلیا جبکہ بڑی کمپنیوں اور شوگر ملز مالکان کے خلاف کوئی کارروائی سامنے نہ آسکی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ایف بی آر حکام سے پوچھا کہ حکومتی شخصیات کی شوگر ملوں کے خلاف ٹیکس وصولی کی کوئی رپورٹ نہیں دی گئی۔ بتایا جائے ملک بھر میں کارروائیاں کیوں نہیں کی گئیں۔ کیا بڑی کمپنیوں کے خلاف کارروائی میں کوئی رکاوٹ ہے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ بڑی شوگر ملوں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ ایف بی آر کی جانب سے شریف فیملی، جے کے ٹی گروپ، خسرو بختیار گروپ، ہمایوں اختر گروپ، رمضان شوگر ملز، جے ڈی ڈبلیو، آر وائی کے اور اتحاد شوگر ملز کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہ ہوسکی۔
وزیر اعظم عمران خان نے چھوٹی بڑی 89 شوگر کمپنیوں سے واجب الادا مکمل ٹیکس وصولی کا حکم دے رکھا ہے۔
Comments are closed.