وزیر اطلاعات شبلی فراز نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو اسکینڈل پر ان کے والد یوسف رضا گیلانی کو گذشتہ روز طعنہ دیا، جس کے جواب میں آج رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے انہیں اسی انداز میں جواب دے دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ علی حیدر گیلانی جیسا کام میں کرتا تو والد احمد فراز مجھے عاق کردیتے۔
جس کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ احمد فراز ہوتے تو پی ٹی آئی جوائن کرنے پر ہی شبلی فراز کو عاق کردیتے۔
اس سے قبل وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن جیتنے کے لئے ہرحربہ استعمال کریں گے، آپ نے اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ہر حربہ استعمال کرنے کے بیان کا سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کو نوٹس لیناچاہیے، اگر ہر حربہ استعمال کرنا ہے تو یہ قابل فخر نہیں، حکومت کیلئے قابل شرم بات ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ شبلی فراز کہہ رہے ہیں کہ ہم کسی بھی صورت سینیٹ کا الیکشن جیتیں گے، یہ جمہوری روایات کے بالکل منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس نمبرز پورے نہیں ہیں، یہ کسی بھی صورت میں سینیٹ کا الیکشن جیتنا چاہتے ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ جب سینیٹ انتخابات ہورہے تھے تب یہ آئینی ترمیم لارہے تھے، آرڈیننس لارہے تھے۔
Comments are closed.