کراچی ایکسپریس کو روہڑی میں پیش آئے حادثے کی ابتدائی تحقیقات رپورٹ سامنے آگئی، جس کے مطابق حادثہ ٹریک کی خستہ حالت اور اوور اسپیڈ کی بنا پر ہوا۔
کراچی ایکسپریس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جیو نیوز کو موصول ہوگئی ہے، جس میں حادثے کی وجوہات اور ذمے داروں کا تعین کیا گیا ہے۔
ریلوے حکام نے ابتدائی رپورٹ سامنے آنے کے بعد حادثے کے ذمے دار قرار دیے گئے ٹرین ڈرائیور سمیت 5 افسر معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ریلوے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بلیک بکس سے مدد لی گئی، جس کے ذریعے ٹرین کی تیز رفتاری ثابت ہو گئی۔
کراچی ایکسپریس کو 7 مارچ کو ضلع سکھر کی تحصیل روہڑی کے علاقے منڈو ڈیرو اور سانگی اسٹیشن کے درمیان حادثہ پیش آیا تھا۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ٹرین حادثہ ٹریک کی حستہ حالت اور اوور اسپیڈ کی بنا پر ہوا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرین ڈرائیور عبدالستار، اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور امیر محمد جان، ڈویژنل انجینئر سکھر مدثر شاہ آفریدی، اسسٹنٹ انجینئر پیرادتہ غلام مرتضیٰ، پی ڈبلیو آئی امانت علی کو ملازمت سے معطل کیا گیا ہے۔
حادثے میں کراچی ایکسپریس کی 9 بوگیاں الٹ گئی تھیں، جس میں ایک خاتون جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہوئے تھے۔
Comments are closed.