سندھ خصوصاً کراچی میں بعض شرپسند عناصر کی جانب سے لسانی تنازعات کو بڑھاوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن دوسری طرف یہاں کے مختلف سیاسی اور قومیتوں کے سرکردہ افراد اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دے رہے ہیں۔
اس سلسلے میں ملیر کینٹ کے قریب بٹھائی آباد میں مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں نے ’سندھی پٹھان بھائی بھائی‘ کے عنوان سے پرامن ریلی نکالی۔
ریلی کا آغاز بھٹائی آباد کے مین بازار سے ہوا، جو مختلف مقامات سے گزرتے ہوئے اختتام پذیر ہوئی۔
اس امن ریلی کی دلچسپ بات یہ دیکھنے میں آئی کہ ملکی، صوبائی اور مقامی سطح پر سیاسی طور پر حریف پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ (ن)، تحریک لبیک سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنما بھی شریک تھے۔
ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جو امن اور یکجہتی کے نعرے لگاتے ہوئے منتشر ہو گئے۔
ریلی کے موقع پر ملیر کینٹ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
ریلی کے شرکاء میں پیپلز پارٹی سندھی کمیٹی کی طرف سے اے ڈی سومرو، امین سومرو اور قادر بیہن جبکہ پشتون کمیونٹی کی طرف سے رحمت محسود، جابر خان اور کامران خان شامل ہوئے۔
دوسری جانب ملیر میں مختلف قومیتوں کی ایک اور امن ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء پیپری بن قاسم روڈ اور نیشنل ہائی وے سے ملیر پریس کلب پہنچے۔
امن ریلی کے شرکاء قومی یکجہتی کے نعرے لگا رہے تھے، اس موقع پر پولیس کی جانب سے سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔
Comments are closed.