پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے 12ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 157 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
اننگز کے آغاز سے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مشکلات کی شکار نظر آئی، اور وقفے وقفے کے ساتھ وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
کپتان سرفراز احمد نے 54، محمد نواز نے 31 اور بین کٹنگ نے 23 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 156 رنز کے ٹوٹل تک پہنچایا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف کامیاب بولر رہے جنھوں نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں صرف 11 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
اسی طرح حسن علی نے 2 جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ لی۔
واضح رہے کہ یہ میچ کل کھیلا جانا تھا، تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد آج تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں آج وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو شامل کیا گیا جو انڈر 19 ٹیم کی قیادت بھی کر چکے ہیں، اور ان ہی کی قیادت میں محمد حسنین، نسیم شاہ اور حیدر علی جیسے ابھرتے ہوئے کھلاڑی کھیلتے رہے ہیں۔
یونائیٹڈ کی ٹیم کپتان شاداب خان، پال اسٹرلنگ، روحیل نذیر، ایلکس ہیلز، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی اور موسیٰ خان شامل ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹریز کی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فاف ڈوپلیسی، کیمرون ڈیلپورٹ، اعظم خان، صائم ایوب، بین کٹنگ، محمد نواز، زاہد محمود، ڈیل اسٹین، محمد حسنین اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
Comments are closed.