بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

نہایت بوجھل دل کے ساتھ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کیا، احسن اقبال

 وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نہایت بوجھل دل کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، حکومت قیمت خرید پر پیٹرولیم مصنوعات شہریوں کو مہیا کر رہی ہے۔

 اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یوکرین جنگ کے سبب عالمی سطح پر پیٹرولیم کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوا، پاکستانی معیشت پر گزشتہ حکومت کے افراد کسی بھی سطح پر مباحثے کے لیے آجائیں، پاکستان کو استحکام کی ضرورت تھی اس لیے مشکل فیصلہ کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے لیے اپنی سیاست کو قربان کیا، پاکستان کو بچانا ضروری تھا، عمران خان انتشار کی سیاست کر رہے ہیں، عمران خان ممنوعہ فنڈنگ کے ذریعے انارکی پھیلا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ 1 ہزار ارب پر چھوڑ کر گئے اس وقت ساڑھے 5 سو ارب تک اسے پہنچا دیا گیا، وزارت خزانہ نے ایک سہ ماہی کی ترقیاتی امور کی قسط ہی یکم اپریل کو روک دی، عمران خان حکومت آئی ایم ایف سے سبسڈی ختم کرنے اور ٹیکس عائد کرنے کا وعدہ کر کے گئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم حکومت میں آئے تو ہمیں معلوم تھا کہ کن مسائل کا شکار ہونا پڑے گا، ہم چاہتے تو سیاست بچاتے اور الیکشن کروا دیتے، اس سے ملک کو مزید نقصان ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے کارکن ملکی اداروں بالخصوص افواج کے خلاف مہم جوئی کر رہے ہیں، عمران خان کی منفی سیاست سے ملک اور ملکی اداروں کو نقصان ہو رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.