وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وہ سینیٹ کے براہِ راست الیکشن کے حامی ہیں، طاقتور سینیٹ کے لیے براہِ راست الیکشن ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں میزبان سلیم صافی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انھوں نے کہا کہ اگر پہلے مرحلے میں ووٹنگ اوپن ہوجائے تو یہ بھی بڑی کامیابی ہوگی۔
تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن میں کسی معاملے پر بات چیت نہیں ہو رہی۔
انھوں نے کہا کہ اپوزیشن چیئرمین سینیٹ کا الیکشن اوپن کرنے کا کہے، ہم حمایت کریں گے۔
فواد چوہدری نے سوال اٹھایا کہ اس ہاؤس کی کیا اہمیت ہوگی جہاں لوگ اربوں روپے لگا کر آئے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جس طرح کا پارٹی اسٹرکچر چاہتے تھے ویسا نہیں بن سکا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو ہدف تنقید بناتے ہوئے فواہد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کل تک کہتے تھے زرداری کا پیٹ پھاڑ کر پیسے نکالیں گے، آج ساتھ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بلاول کہتے تھے کہ ہم مذہب کارڈ استعمال نہیں کرینگے، آج فضل الرحمان کیساتھ چل رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ساری سیاسی جماعتوں نے دیکھ بھال کر سینیٹ الیکشن کے لیے پارٹی ٹکٹ جاری کیے۔
لیاقت جتوئی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لیاقت جتوئی ٹیکنوکریٹ کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔
بلوچستان میں سینیٹ امیدوار سے متعلق انھوں نے بتایا کہ ہم نے بلوچستان میں عبدالقادر کو ٹکٹ دیا تو پارٹی نے اعتراض کیا۔
انھوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں 100 فیصد تو اتقاق رائے نہیں ہوتا، پچھلی مرتبہ جو لوگ پیسوں سے سینیٹ میں آئے ان کو بھی بےنقاب کرنا ضروری ہے۔
ڈسکہ این اے 75 کے ضمنی انتخاب پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ نے پہلے کہا کہ 20پولنگ اسٹیشن کا عملہ غائب ہے وہاں دوبارہ ووٹنگ کرائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے کردار پر خوشی ہے، ایک مضبوط الیکشن کمیشن پاکستان اور ہمارے مفاد میں ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم مجھ سے کبھی ناراض نہیں ہوتے، حتمی فیصلہ انہوں نے ہی کرنا ہوتا ہے۔
Comments are closed.