کراچی کے علاقے گزری سے بازیاب ہونے والے غیر ملکی باشندوں کی گمشدگی میں ایس ایچ او اور ایس آئی او ڈیفنس ملوث نکلے۔
دونوں افسران نے لاکھوں روپے لے کر غیر ملکی باشندوں کو دلبر نامی شخص کے حوالے کیا تھا۔
پولیس کے مطابق 3 نائیجیرین باشندوں کی گمشدگی کے کیس میں ایس ایچ او ڈیفنس محمدعلی اور ایس آئی او وسیم ابڑو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق تینوں باشندوں کو اغواء کیا گیا تھا جنہیں گزری سے 14 نومبر 2020ء کو بازیاب کرایا گیا اور ڈیفنس پولیس کے حوالے کیا گیا۔
تینوں غیر ملکیوں کے اغواء کا مقدمہ ڈیفنس تھانے ہی میں درج تھا۔
ڈیفنس پولیس نے نائیجیرین باشندوں کو سفارت خانے کے حوالے کرنے کے بجائے دلبر نامی شخص کے حوالے کر دیا جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔
نائیجیرین باشندوں کے اغواء کے کیس میں 3 ملزمان گرفتار ہیں جنہوں نے دورانِ تفتیش پولیس کو بتایا ہے کہ دونوں گرفتار افسران نے لاکھوں روپے لے کر غیر ملکی باشندوں کو دلبر ملانو کے حوالے کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دلبر کا تعلق شکارپور سے ہے جو کہ زمیندار ہے۔
اس معاملے کی تحقیقات کے لیے کراچی پولیس چیف نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی تھی، جس کی تفتیش میں یہ معاملہ سامنے آیا ہے۔
Comments are closed.