وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کا کہنا ہے کہ حکومت حج اخراجات کو ساڑھے 6 لاکھ روپے سے کم کرنے کی کوشش کررہی ہے، آج اگر پی ٹی آئی کی حکومت ہوتی تو حج 11 لاکھ میں ہوتا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبد الشکور نے ایوان کو بتایا سابق دور حکومت میں حج کے نام پر ڈاکے ڈالے گئے، ریاست مدینہ کا نام لینے والوں نے پاکستانی عوام پر مدینے کے راستے بند کرنے کی کوشش کی، ایسی حکمت عملی بنائیں گے جس سے حج اور عمرہ سستا ہو گا۔
مفتی عبدالشکور نے کہا کہ اگر سابق حکومت ہوتی تو حج 11 لاکھ میں ہوتا، کوشش ہے کہ حج ساڑھے چھ لاکھ پاکستانی روپے سے بھی کم ہو۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں جماعت اسلامی کے رکن مولانا اکبر چترالی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید احتجاج کیا۔
ڈپٹی اسپیکر نے ایوان کو سندھ پولیس کی جانب سے رکن قومی اسمبلی عطااللّٰہ کی گرفتاری کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
Comments are closed.