ملک بھر میں مہنگائی کا سلسلہ جاری ہے، وفاقی دارالحکومت میں آٹے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
اسلام آباد میں ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 54 روپے 62 پیسے مہنگا ہوگیا، جبکہ مرغی کی قیمت میں 28 روپے 26 پیسے فی کلو اضافہ ہوا ہے، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 22 روپے 13 پیسے مہنگا ہوگیا۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، انڈے، دودھ، دہی، گوشت اور دالوں سمیت اشیائے خور و نوش کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 54 روپے 62 پیسے مہنگا ہوگیا۔ جس کے بعد قیمت 1640 روپے تک پہنچ گئی۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 22 روپے 13 پیسے مہنگا ہوگیا۔
زندہ مرغی 28 روپے 26 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، اوسط قیمت 341 روپے 29 پیسے فی کلو ہو گئی۔ جبکہ دال چنا 6 روپے 54 پیسے، دال ماش 5 روپے 18 پیسے، دال مسور 14 روپے 88 پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی، دال مسور کی اوسط قیمت 250 روپے 95 پیسےفی کلو تک پہنچ گئی۔
ایک ہفتے کے دوران 33 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو ا، ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 16.54 فیصد ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق چینی کی قیمت میں بھی حالیہ ہفتے 53 پیسے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، فی کلو قیمت 90 روپے تک پہنچ گئی۔ حالیہ ہفتے لہسن 64 پیسے، پیاز ایک روپے 3 پیسے فی کلو، انڈے 6 روپے 28 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔
جبکہ مٹن 6 روپے 67 پیسے، بیف 5 روپے 84 پیسے فی کلو، تازہ دودھ ایک روپے 40 پیسے فی لیٹر، دہی 2 روپے 29 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ چاول، گھی، خوردنی تیل اور چائے کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے ٹماٹر، آلو، کیلے اور گڑ کی قیمتوں میں معمولی کمی آئی، 14 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Comments are closed.