
خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ میں نرس کے قتل میں پیش رفت ہوئی ہے جبکہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ڈاکٹر کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے احباب کالونی میں نامعلوم افراد نے گھر پر فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر آرتھو پیڈک ڈاکٹر جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جنرل اسپتال کے ڈاکٹر فیاض حسین لاہور کی احباب کالونی میں مقیم تھے جنہیں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
مقتول ڈاکٹر فیاض حسین کا آبائی علاقہ لیہ ہے، ان کی اہلیہ بھی آرتھوپیڈک ڈاکٹر ہیں۔
پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کر لیے۔
جنرل اسپتال کے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے ڈاکٹر فیاض کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ڈاکٹر کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔
پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ حمزہ شہباز نے قتل میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم بھی دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ مقتول ڈاکٹر کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔
ادھر نوشہرہ میں نرس رخسانہ یاسمین کو گزشتہ روز گھر سے اسپتال جاتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق نرس رخسانہ یاسمین کے قتل کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔
ڈی پی او نوشہرہ نے بتایا کہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی کا پتہ چل گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ قتل کی تفتیش کے لیے کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نوشہرہ میں مردان روڈ پر کار سوار ملزمان نے رکشہ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں رکشہ میں سوار نرس جاں بحق ہو گئی تھی۔
Comments are closed.