سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کی جانب سے آئی جی اور سندھ پولیس کو دھمکیاں دینا زیب نہیں دیتا۔
سندھ اسمبلی میں وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حلیم عادل شیخ نے ضمنی الیکشن کے دوران مسلح جتھے لے کر الیکشن قوانین ہوا میں اڑائے ان کے کیسز عدالت میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے ان کی سہولت کے لئے جو ہو سکا وہ کیا گیا ہے۔
تھانے میں کوبرا سانپ کے الزام پر ان کا کہنا تھا کہ حیرت اس بات پر ہے کہ چار فٹ کے سانپ کو حلیم عادل شیخ نے فوراً ماردیا۔ اس واقعہ کی تحقیقات بھی ضروری ہیں کہ سانپ خود آیا یا لایا گیا تھا؟
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گورنر کے منصب پر فائز شخص کو پولیس کو دھمکی دینا زیب نہیں دیتا۔ آئی جی پولیس نے گورنر سندھ کو کہہ دیا ہے کہ کسی بھی پولیس افسر سے انکوائری کروا لیں۔
انہوں نے وفاقی حکومت کے نمائندوں سے کہا کہ خدارا یہ ڈرامہ کرنا چھوڑیں اور پولیس کو اپنا کام کرنے دیں جب چالان جمع ہوگا تو فیصلہ عدالت کرے گی۔ عدالتی معاملات میں دخل اندازی نہ کریں کیونکہ یہ سب مقدمہ پر اثر انداز ہونے کے لئے کیا جارہا ہے۔
Comments are closed.