بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ضعیف والدین کو بے دخل کرنے والے بیٹے کو جیل بھیج دیا گیا

تحفظ والدین آرڈیننس 2021 کے تحت پہلے کیس کا فیصلہ سنادیا گیا، مظفرگڑھ میں بیوی کے کہنے پر ضعیف والدین کو تشدد کا نشانہ بناکر ان کے اپنے گھر سے بیدخل کرنے والے بیٹے کو ایک ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا، ملزم پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

پولیس کو حکم دیا گیا ہے کہ نافرمان بیٹے سے اس کے والدین کا گھر 3 روز میں خالی کروایا جائے۔

مظفر گڑھ کے علاقے لٹکراں میں بیوی کے کہنے پر مختیار حسین نامی بیٹے نے قوت سماعت سے محروم اپنے والد اور والدہ کو نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ والدین کو ان کے اپنے گھر سے ہی بیدخل کردیا۔

ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ امجد شعیب ترین کے مطابق ضعیف والدین نے خود پر ہونے والے ظلم کیخلاف انھیں درخواست دی تھی، گھر سے نکالے جانے کے بعد ملزم کی والدہ گھروں میں کام کرکے گزارہ کرتی رہی جبکہ قوت سماعت سے محروم والد رات مجبوراً قبرستان میں بسر کرتا تھا۔

ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ کے مطابق فریقین کو سماعت کرنے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے تحفظ والدین آرڈیننس کے تحت والدین کو تشدد کا نشانہ بناکر گھر سے نکالنے والے بیٹے مختیار حسین کو ایک ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔

مختیار حسین پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیاگیا ہے، جرمانے کی عدم ادائیگی پر بیٹے کو مزید ایک ماہ جیل کی قید کاٹنا ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر نے تھانہ سول لائن پولیس کو بھی حکم دیا ہے کہ بیٹے سے اس کے والدین کا گھر 3 روز میں خالی کرواکر متاثرہ والدین کے حوالے کیا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.