ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء

حکومت نے 67 ہزار اسکالرشپس کیلئے 6 ارب 53 کروڑ کی منظوری دیدی

حکومت پاکستان نے مالی سال 21-2020 میں 67 ہزار اسکالرشپس کے لیے 6 ارب 53 کروڑ روپے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر کی زیر صدارت احساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپ اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس کے مطابق  کمیٹی نے ملک بھر میں 67 ہزار اسکالر شپ کے لیے بجٹ کی منظوری دی۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی ممبران نے1 لاکھ 11 ہزار 685 انڈر گریجویٹ طلبا کی درخواستوں کا جائزہ لیا، جن میں 42 ہزار 430 طالبات کی درخواستیں بھی شامل تھیں۔

اعلامیے کے مطابق پورٹل 30 نومبر 2020ء کو درخواستوں کے حصول کے لیے بند ہوگیا۔

اجلاس میں سرکاری شعبے کی 125 جامعات کے ساتھ پروگرام کے فیلڈ ایگزیکیوشن کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ تعلیمی سال 21-2020 میں اسکالرشپ کی تقسیم کے عمل کو تیز کیا جائے گا، نئی درخواستوں کی جانچ پر انتخاب کا عمل اپریل 2021 تک مکمل ہوجائے گا۔

حکام نے وزیراعظم کی معاون خصوصی کو بتایا کہ ایچ ای سی مارچ2021 کے دوسرے ہفتے میں 15روز کے لیے پورٹل دوبارہ کھولے گا۔

اس پر ثانیہ نشتر نے کہا کہ اسکالرشپس 50 فیصد طالبات اور 2 فیصد خصوصی افراد کو ملنی چاہئیں، 24 ارب روپے کا احساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروگرام حکومت کا اہم پروگرام ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.