وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت حلیم عادل شیخ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے۔
شبلی فراز نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت حلیم عادل شیخ کو نااہلیوں کی نشاندہی کرنے پر سز ادے رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حلیم عادل شیخ پر تشدد کا اخلاقی اور قانونی جواز نہیں ہے۔
شبلی فراز نے سندھ حکومت سے حلیم عادل شیخ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سے قبل شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے میثاق جمہوریت کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے، پیپلز پارٹی نے خزانے کے منہ کھول دیئے ہیں، بولیاں لگ رہی ہیں۔
شبلی فراز نے سینیٹ الیکشن سے متعلق میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس اپنے امیدوار کو جتوانے کے لیے نمبرز نہیں ہیں، آئین کے خالق ذوالفقار بھٹو کو غلط طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے، پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو کے کیے گئے معاہدے سے لا تعلقی کر دی ہے، رضا ربانی نے شہید بینظیر کے میثاق جمہوریت کا معاہدہ کچرے کی ٹوکری میں پھینک دیا۔
شبلی فرازکا کہنا تھا کہ ڈیپ اسٹیٹ کا سوال رضا ربانی سے پوچھیں، رضا ربانی نے عدالت میں کہہ دیا کہ ووٹ کو سینیٹ الیکشن میں خفیہ ہونا چاہیے، پیپلزپارٹی کو مبارکباد دیتا ہوں، رضا ربانی نے کہہ دیا کہ ووٹ کو سیکریٹ ہونا چاہیے، بھٹو کے بعد کی پیپلزپارٹی نے کہا یوسف رضا گیلانی الیکشن جیتیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نظام کو آئین کے لبادے میں غلط طور پر استعمال کیا جاتا ہے، پیپلزپارٹی کی جمہوریت کے لیے بہت قربانیاں ہیں، آئین کے خالق ذوالفقارعلی بھٹو کو غلط طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے۔
Comments are closed.