ہفتے کی شب کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے، ملیر میں شقی القلب ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک رکشہ ڈرائیور کو منہ میں پستول کی نال رکھ کر گولی چلا دی۔
پولیس کے مطابق ملیر میں جامعہ ملیہ کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران کسی نے مزاحمت کی اور ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی۔
تیز رفتاری کے دوران فرار ہوتے ملزمان کی موٹرسائیکل ایسی جگہ لگی جس سے وہ گر گئے تو ان کے ایک ساتھی نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 16 سالہ عبداللّٰہ، 18 سالہ عمران اور 25 سالہ حسن امین زخمی ہوگئے، انھیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
جناح اسپتال ذرائع کے مطابق ان سے قبل ملیر 15 پٹھان گوٹھ میں فائرنگ کے 25 سالہ زخمی محبوب کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی شخص رکشہ ڈرائیور ہے جسے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے منہ میں پستول کی نال رکھ کر گولی ماری۔
عزیز آباد کے علاقے حسین آباد میں فائرنگ سے اسامہ سعید نامی 27 سالہ نوجوان جاں بحق ہوا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ عزیزآباد کے عثمان میموریل اسپتال کے قریب پیش آیا۔
ادھر کورنگی میں دارالعلوم کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص زخمی ہوا۔
Comments are closed.