پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان آج استعفیٰ دے رہے ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ کراچی میں رہنما پیپلز پارٹی لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ بات کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتِ عظمیٰ نے غیر آئینی کام کو کالعدم قرار دے دیا۔
لطیف کھوسہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا، جس سے ہم سرخرو ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کو بحال کر دیا، تمام وزیر اپنے عہدوں پر بحال ہو گئے۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے پانچ صفر سے متفقہ فیصلہ سنا دیا۔
سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی 3 اپریل کی رولنگ آئین کے خلاف قرار دے کر کالعدم کر دی، وزیرِ اعظم عمران خان کی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھی مسترد کر دی۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ وزیرِ اعظم آئین کے پابند تھے، وہ صدر کو اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس نہیں کر سکتے تھے، قومی اسمبلی بحال ہے، تمام وزیر اپنے عہدوں پر بحال ہیں، اسپیکر کا فرض ہے کہ اجلاس بلائے۔
عدالتِ عظمیٰ نے اسپیکر کو قومی اسمبلی کا اجلاس فوری بلانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 9 اپریل کو صبح 10 بجے سے پہلے پہلے تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائی جائے۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دوران کسی رکنِ قومی اسمبلی کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا نہیں جائے، تحریکِ عدم اعتماد کا عمل مکمل ہونے تک اجلاس مؤخر نہیں کیا جا سکتا۔
Comments are closed.