منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

204 رنز، 28 چھکے: سوریہ ونشی نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں سمیت کئی ریکارڈ توڑ دیے

کھیل
204 رنز، 28 چھکے: سوریہ ونشی نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں سمیت کئی ریکارڈ توڑ دیے

انڈیا کے 15 سالہ بیٹنگ ٹیلنٹ ویبھو سوریہ ونشی نے ایشیا کپ رائٹرنگ سٹارز ٹورنامنٹ کے دوران انڈیا اے کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے خلاف 53 گیندوں پر 204 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی ہے۔ انھوں نے مردوں کے مقابلوں میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

سوریہ ونشی نے لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین ڈبل سنچری کے ریکارڈ کا وقت تقریباً نصف کرتے ہوئے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز مقابلے میں 28 چھکے اور سات چوکے لگائے اور باآسانی چاڈ بوز کے 2024 میں قائم کیے گئے 103 گیندوں والے سابقہ ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔

نوجوان کھلاڑی نے تیز ترین سنچری اور تیز ترین 150 رنز کا ریکارڈ بھی توڑا، جس میں سابقہ ریکارڈز پہلے ہی ان کے پاس تھے۔

تاہم جب ٹیم فتح سے صرف پانچ رنز دور تھی تو وہ لانگ آف پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

انڈیا اے دوحہ میں کھیلے گئے اس مقابلے میں 250 رنز کا ہدف 14.2 اوورز میں حاصل کر لیا تھا۔ یہ میچ متحدہ عرب امارات کی ایسی ٹیم کے خلاف کھیلا گیا جس میں کئی بین الاقوامی کھلاڑی شامل تھے۔ تاہم یہ ان کی فُل سٹرینتھ ٹیم نہیں تھی۔

سینئر ایک روزہ میچوں کو دی جانے والی درجہ بندی، یعنی لسٹ اے کرکٹ، میں سوریہ ونشی اب درج ذیل ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں:

تیز ترین نصف سنچری: 11 گیندوں پر بمقابلہ سری لنکا اے، 21 جون (اس سے قبل کوشلیا ویرارتنے، 12 گیندیں، یکم نومبر 2005)

تیز ترین سنچری: 28 گیندوں پر، آج (اس سے قبل جیک فریزر میک گرک، 29 گیندیں، 8 اکتوبر 2023)

تیز ترین 150 رنز: 40 گیندوں پر، آج (اس سے قبل خود ان کا ریکارڈ، 59 گیندیں، 24 دسمبر 2025)

تیز ترین 200 رنز: 52 گیندوں پر، آج (اس سے قبل چاڈ بوز، 103 گیندیں، 22 اکتوبر 2024)

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

یہ اننگز دوحہ میں رائزنگ سٹارز ایشیا کپ کے دوران متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف میچ میں کھیلی گئی۔

سوریہ ونشی نے صرف 28 گیندوں پر سنچری مکمل کی، جو 2023 میں ساؤتھ آسٹریلیا کی جانب سے تسمانیہ کے خلاف آسٹریلوی بین الاقوامی کھلاڑی جیک فریزر میک گرک کی 29 گیندوں پر بنائی گئی سنچری سے ایک گیند کم تھی۔

بولرز کو کوئی مہلت نہ ملی کیونکہ سوریہ ونشی نے صرف 40 گیندوں پر لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین ڈیڑھ سنچری بھی بنا ڈالی۔

ان کا دھواں دار بلا خاموش ہونے کا نام نہیں لے رہا تھا اور بلے باز مسلسل بھرپور انداز میں بڑے شاٹس کھیلتے رہے۔

12ویں اوور میں انھوں نے مسلسل چار چھکے لگائے، جن میں دوسرا چھکا ان کا 24واں چھکا تھا۔ یہ لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ میں کسی ایک اننگز میں کسی بھی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ چھکوں کا نیا ریکارڈ ہے۔

اگلے ہی اوور میں سوریہ ونشی نے باسل حمید کو چھکا لگا کر کرکٹ کی کسی بھی طرز میں اپنی پہلی ڈبل سنچری مکمل کی۔ انھوں نے صرف 52 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کیا، یوں 2024 میں کینٹربری کی جانب سے اوٹاگو کے خلاف چاڈ بوز کے 103 گیندوں پر قائم ریکارڈ کو باآسانی توڑ دیا۔

وہ بالآخر 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن اس سے پہلے ریکارڈ بُکس کو نئے سرے سے لکھ چکے تھے۔

یہ انڈیا کے نوعمر بیٹر کے شاندار کیریئر کا ایک اور کارنامہ ہے۔ انھوں نے ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے انڈین پریمیئر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور پھر رواں سال انڈیا کی ٹی20 بین الاقوامی ٹیم میں جگہ بنائی۔

سوریہ ونشی 2026 میں آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں انڈیا کی کامیاب مہم کے بھی ہیرو تھے، جہاں انھوں نے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف میچ جتوانے والی 175 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات نے ہرپریت سنگھ کے 120 رنز کی بدولت آٹھ وکٹوں پر 249 رنز بنائے۔ انڈیا کی جانب سے ارشد خان نمایاں گیند باز رہے جنھوں نے 43 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں انڈیا کا آغاز جارحانہ تھا۔ سوریہ ونشی نے زاہد علی کے خلاف دو ڈاٹ گیندیں کھیلنے کے بعد اسی بولر کو لگاتار تین چھکے لگائے۔

اس کے بعد انھیں روکنا ممکن نہ رہا۔ انھوں نے اپنی نو باؤنڈریز میں سے آٹھ چھکوں کی مدد سے صرف 16 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، پھر عالمی ریکارڈ سنچری اور ڈبل سنچری بھی بنا ڈالی۔

انڈیا نے 14.3 اوورز میں سات وکٹیں باقی رہتے ہوئے ہدف حاصل کر لیا، جبکہ 214 گیندیں بھی باقی تھیں۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں

بشکریہ بی بی سی اردو