سابق افغان پولیس چیف کی گرفتاری اور مبینہ اعترافی ویڈیو: اللہ داد فدائی کون ہیں؟

افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے قریب سمجھے جانے والے ذرائع ابلاغ نے اشرف غنی دورِ حکومت کے معروف پولیس چیف اللہ داد فدائی کی ایک ویڈیو نشر کی ہے، جو اُن کے مبینہ ’اعترافی بیان‘ پر مبنی ہے۔
اس ویڈیو میں وہ طالبان مخالف مسلح تنظیم ’یونائیٹڈ فرنٹ آف افغانستان‘ کے رہنما سمیع سادات کے ساتھ اپنے مبینہ روابط کے بارے میں گفتگو کرتے نظر آ رہے ہیں۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ سابق پولیس کمانڈر اللہ داد فدائی کا یہ مبینہ اعترافی بیان کِن حالات میں ریکارڈ کیا گیا ہے اور آیا یہ بیان طالبان کی حراست کے دوران کس نوعیت کے دباؤ یا شرائط کے تحت دیا گیا ہے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، 'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
ویڈیو میں اللہ داد فدائی کہتے ہیں کہ سمیع سادات نے حال ہی میں انھیں افغانستان کے صوبوں لغمان اور نورستان کی ذمہ داری سونپی تھی۔ یاد رہے کہ لغمان اور نورستان وہ صوبے ہیں جن میں حالیہ عرصے میں طالبان مخالف مسلح گروہوں نے کارروائیاں کی ہیں۔
مسلح گروہ ’یونائیٹڈ فرنٹ آف افغانستان‘ کی قیادت جنرل سمیع سادات کر رہے ہیں، جو افغانستان میں جمہوری دورِ حکومت میں افغان سپیشل فورسز کے نمایاں کمانڈروں میں شمار ہوتے تھے۔
’یونائیٹڈ فرنٹ آف افغانستان‘ نے اپنے ایک بیان میں اللہ داد فدائی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ انھوں نے ابھی تک یونائیٹڈ فرنٹ کی جانب سے ملک کے اندر کوئی فوجی کارروائی انجام نہیں دی تھی، تاہم وہ تنظیم کے مقاصد سے مکمل وابستگی رکھتے تھے اور افغانستان کی ’آزادی کی جدوجہد‘ میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے پوری طرح تیار تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تنظیم اللہ داد فدائی کی رہائی کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔
اللہ داد فدائی کا تعلق صوبہ لغمان سے ہے اور وہ سابق جمہوری حکومت کے دوران بغلان، نیمروز، میدان وردک اور لغمان کے سکیورٹی کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
افغان ذرائع ابلاغ پر نشر ہونے والی اللہ داد فدائی کی ویڈیو میں وہ کہتے ہیں کہ جمہوری حکومت کے خاتمے کے تقریباً ڈیڑھ سال بعد وہ ایران گئے تھے، بعد ازاں طالبان حکومت کے ’رابطہ کمیشن‘ کی دعوت پر وہ واپس افغانستان آئے اور پھر سمیع سادات کے ساتھ منسلک ہو گئے۔
اس ویڈیو میں وہ مزید بتاتے ہیں کہ وہ کچھ عرصے سے سمیع سادات سے رابطے میں تھے اور دونوں کے درمیان لغمان اور نورستان میں طالبان حکومت کے خلاف سرگرمیوں کو منظم کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔
طالبان حکومت کے سرکاری ذرائع نے تاحال اللہ داد فدائی کی گرفتاری کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔
حال ہی میں افغانستان کے سوشل میڈیا پر بعض آڈیو پیغامات بھی گردش کرتے رہے ہیں جن کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ واٹس ایپ پر اللہ داد فدائی اور سمیع سادات کے درمیان ہونے والی گفتگو کے بارے میں ہیں۔
بی بی سی اِن آڈیو پیغامات کی صداقت یا ان کے تبادلے کے وقت کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا ہے، جبکہ یونائیٹڈ فرنٹ آف افغانستان کے قریبی ذرائع نے ان پیغامات کو جعلی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے تیار کیے گئے ہیں۔
مبینہ آڈیو پیغامات میں نورستان صوبے میں حملوں کی منصوبہ بندی اور ساز و سامان کی فراہمی سے متعلق گفتگو سنائی دیتی ہے۔
جنرل سمیع سادات کی قیادت میں قائم یونائیٹڈ فرنٹ آف افغانستان نے اکتوبر 2023 میں امریکی ریاست ورجینیا میں اپنے قیام کا اعلان کیا تھا۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ اس میں سابق فوجی افسروں، جرنیلوں، گورنروں اور دیگر باصلاحیت افغان شخصیات کی ایک بڑی تعداد شامل ہے اور اس تنظیم کا مقصد افغانستان کے اسلامی جمہوریہ کے آئین کی بحالی اور عوام کے لیے آزادی، امن اور خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔
جنرل سمیع سادات نے گذشتہ روز ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ اُن کی تنظیم کے جنگجوؤں نے حالیہ مہینوں کے دوران افغانستان کے مختلف صوبوں میں طالبان حکومت کے خلاف درجنوں ہدفی کارروائیاں انجام دی ہیں۔
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
یاد رہے کہ طالبان حکومت ابتدا میں یہ دعوے کرتی تھی کہ مسلح گروہوں کی افغانستان میں کوئی عملی عسکری موجودگی نہیں ہے اور یہ کہ ان گروہوں کی مبینہ سرگرمیوں سے متعلق دعوے محض سوشل میڈیا پروپیگنڈا ہیں، تاہم بعدازاں طالبان حکام کی جانب سے اس ضمن میں پاکستان پر الزام عائد کیا جانے لگا۔
تاہم پاکستان اس نوعیت کے الزامات کو پروپیگنڈا قرار دیتا ہے۔
رواں سال ستمبر کے اواخر میں بھی طالبان مخالف ایک اور مسلح تنظیم افغانستان فریڈم فرنٹ کی جانب سے صوبہ نورستان کے ضلع کامدیش میں بڑے پیمانے پر اور مربوط حملوں کی کوشش کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ اس تنظیم کی قیادت سابق جمہوری دور کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل یاسین ضیا کر رہے ہیں۔
تنظیم نے دعویٰ کیا تھا کہ اُس کے جنگجوؤں نے ضلع کامدیش میں طالبان حکومت کی متعدد چوکیوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ ان کارروائیوں کے بعد طالبان حکومت نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے ڈیورنڈ لائن کے راستے چترال کے علاقے سے افغانستان میں داخل ہونے والے 41 مسلح افراد کو ہلاک اور درجنوں دیگر کو زندہ گرفتار کر لیا ہے۔
بعد ازاں طالبان حکومت نے بعض زیرِ حراست افراد کی ویڈیوز بھی جاری کیں۔ افغانستان فریڈم فرنٹ نے بعد میں ان افراد کا اپنی تنظیم سے تعلق ہونے کی تردید کی تھی۔
طالبان حکومت گذشتہ کچھ عرصے سے یہ دعویٰ بھی کرتی آ رہی ہے کہ پاکستان افغان طالبان کے مسلح مخالف گروہوں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور ان کی حمایت کر رہا ہے۔
اسی نوعیت کا ایک بیان رواں ہفتے کے آغاز پر طالبان فوج کے چیف آف سٹاف فصیح الدین فطرت کی جانب سے بھی آیا جنھوں نے ایک بار پھر یہ الزام دہرایا ہے کہ طالبان مخالف مسلح گروہوں کو پاکستان کی جانب سے مالی اور عسکری معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کابل میں طالبان فوجی اہلکاروں کی ایک پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ’انھوں نے (طالبان مخالف مسلح گروہ) وہاں (پاکستان میں) آزادی محاذ، مزاحمتی محاذ اور اسی نوعیت کے علامتی محاذ قائم کر رکھے ہیں۔ یہ درحقیقت افغان نہیں ہیں۔ یہ افغانستان سے تعلق نہیں رکھتے بلکہ پاکستانیوں سے مدد حاصل کر رہے ہیں اور انھیں وہیں سے مالی وسائل، اسلحہ اور تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔‘
فصیح الدین فطرت کا کہنا تھا کہ ’وہ ایک بار پھر پاکستانی حمایت اور پشت پناہی کے ذریعے افغان مسلم قوم کے امن کو خراب کرنا اور لوگوں میں بے چینی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا مقصد، ان کے اپنے دعوے کے مطابق، دوبارہ اس ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔ تاہم، انشا اللہ وہ اپنے اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، اور ہم افغانستان کے عوام کو اس حوالے سے یقین دہانی کراتے ہیں۔‘
فصیح الدین فطرت کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل طالبان حکومت کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی ایک بار پھر الزام عائد کیا تھا کہ شدت پسند تنظیم داعش پاکستان میں موجود ’محفوظ پناہ گاہوں‘ سے سرگرم عمل ہے۔
پاکستان بارہا طالبان حکام کے ان الزامات کی تردید کر چکا ہے۔
پاکستان کی وزارت اطلاعات نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ ’افغان طالبان حکومت کی جانب سے نورستان میں مبینہ تشدد اور جھڑپوں کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات بے بنیاد، غیر سنجیدہ اور حقائق سے عاری ہیں۔ پاکستان ان من گھڑت دعوؤں کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے جن میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز یا خفیہ اداروں کے نورستان یا افغانستان کے کسی اور حصے میں ہونے والی اندرونی جھڑپوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔‘
پاکستانی وزارت اطلاعات نے ان الزامات کو بھی یکسر رد کیا تھا کہ وہ سابق افغان سکیورٹی اہلکاروں کی بھرتی یا تربیت میں شامل ہے یا افغانستان میں سرگرم داعش یا کسی دوسرے شدت پسند گروہ کو سہولت، پناہ یا معاونت فراہم کر رہا ہے۔
وزارت اطلاعات کے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’ان الزامات کے حق میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی قابلِ اعتبار ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ نہ کسی فرد کی شناخت سامنے لائی گئی، نہ کوئی دستاویزی شواہد فراہم کیے گئے، نہ مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک ثبوت پیش کیے گئے اور نہ ہی کسی آزاد ذریعے سے ان دعوؤں کی تصدیق کی گئی ہے۔‘
پاکستان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے اندر مختلف نوعیت کے شدت پسند گروہوں کی موجودگی اور سرگرمیوں کے شواہد دستاویزی صورت میں موجود ہیں، جن کی نشاندہی اقوام متحدہ اور دیگر غیر جانبدار بین الاقوامی اداروں کی متعدد رپورٹوں میں بھی کی جا چکی ہے اور یہ گروہ بدستور افغان سرزمین پر محفوظ ٹھکانے اور سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول حاصل کیے ہوئے ہیں۔
وزارت اطلاعات نے کہا تھا کہ افغانستان میں موجود اور وہاں سے سرگرم شدت پسند تنظیمیں مسلسل پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کے لیے براہِ راست خطرہ بنی ہوئی ہیں۔
پاکستان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان حکومت کو اپنی داخلی سلامتی کے چیلنجز کی ذمہ داری بیرونی عوامل پر ڈالنے اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے بجائے افغانستان میں سرگرم شدت پسند گروہوں کے خلاف قابلِ اعتماد اور قابلِ تصدیق اقدامات کرنے چاہییں اور اپنے ان وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے کہ افغان سرزمین پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔
بشکریہ بی بی سی اردو