پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کے بقیہ میچز کا شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق پاکستان سُپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا دوبارہ آغاز یکم جون سے ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان سُپر لیگ کے تمام شرکاء کے لیے 22 مئی سے7 روزہ قرنطینہ ہوگا جبکہ تین روزہ ٹریننگ کے بعد یکم جون سے ایونٹ شروع ہوگا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کا فائنل 20 جون کو کھیلا جائے گا جبکہ پی ایس ایل کے بقیہ تمام میچز کراچی میں ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق بورڈ آف گورنر نے پی سی بی ہال آف فیم کی منظوری بھی دے دی ہے، کلب مالکان کی حوصلہ افزائی کے لیے ماڈل آئین برائے کلبز میں ترامیم کی گئی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس 10 اپریل کو ہوا جس میں بی او جی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ پریزنٹیشن دی گئی۔
پی سی بی نے بتایا کہ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعدسامنے آنے والی خامیوں پر بی او جی نے اظہار مایوسی کیا اور ہدایت کی کہ اس میں بہتری کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔
بی او جی نے سخت پروٹوکولز کے نفاذ اور فیکٹ فائنڈنگ پینل کی تیار تمام تجاویز کی تائید کی جبکہ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر تمام افراد کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے باقی میچ محفوظ ماحول میں کرانے کی حکمت عملی بھی تیار کی گئی۔
ذرائع پی سی بی کے مطابق عالمی سطح کی پہچان رکھنے والی کمپنی کی تقرری آخری مراحل میں ہے۔
پی سی بی ہال آف فیم میں 6 کرکٹرز کی شمولیت کی منظوری دی گئی ہے جن میں حنیف محمد، عمران خان ،جاوید میاں داد، وسیم اکرم، وقار یونس اور ظہیر عباس شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق ہر سال مزید 3 شخصیات کو شامل کیا جائے گا جس کا اعلان ہر سال 16 اکتوبر کو ہوگا۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ نامور کرکٹرز نے دنیا میں پاکستان کی پہچان بنائی ہے۔
احسان مانی نے کہا ہال آف فیم نامور کھلاڑیوں کی خدمات کا اعتراف ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا تھا۔
کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن ملتوی کیا گیا تھا۔
Comments are closed.