کراچی ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر عمارت کی بالائی منزلیں گرگئیں، ایک شخص جاں بحق، 4 زخمی

فوٹو: اسکرین گریب
کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک فور میں زیرتعمیر عمارت کی بالائی منزلیں گرگئیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ عمارت کے ملبے سے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی جبکہ 4 زخمی افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا، زخمیوں کی شناخت نادر حسین، شوکت علی، احمدکے نام سے ہوئی، ایک زخمی کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی۔
فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز
ریسکیو حکام کے مطابق ایک زخمی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونےکی اطلاع ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق 6 منزلہ عمارت گرنے سے قبل ہلنا شروع ہوگئی تھی، ملبہ ہٹانے کیلئے ہیوی مشینری طلب کرلی گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت کی فنشنگ ہورہی تھی جبکہ عمارت میں کوئی بھی رہائش پذیر نہیں تھا۔
کراچی ایڈمن سوسائٹی بلاک 4 میں گرنے والی عمارت 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی، ایس بی سی اے کے مطابق پلاٹ پر گراؤنڈ پلس 5 عمارت تعمیر تھی، رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل تعمیرات کی گئی تھیں۔
ایس بی سی اے کے مطابق عمارت میں مبینہ طور پر غیر قانونی فلیٹ نما رہائشی پورشنز تعمیر کیے جا رہے تھے، عمارت گرنے کے واقعے کے بعد ایس بی سی اے کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
بشکریہ جیو نیوز