منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پرتگال کا پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت کا اعلان

پاکستان
پرتگال کا پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت کا اعلان

دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے کی شرط ختم کرنے کا بھی معاہدہ ہوا۔ اسکرین گریب

پرتگال نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت کا اعلان کردیا۔

پرتگالی وزیر خارجہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس دوران صدر زرداری نے مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کے قیام کی تجویز دی جس پر پرتگالی وزیر خارجہ نے جلد اپنے ملک کے وزیر زراعت کے دورہ پاکستان سے آگاہ کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں پرتگال نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت کا اعلان کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے کی شرط ختم کرنے کا بھی معاہدہ ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پرتگالی وزیر خارجہ سے ملاقات میں جی ایس پی پلس سہولت کے تحت پاکستان کی حمایت جاری رکھنے پر شکریہ ادا کیا، اور دونوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آئی ٹی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس سے پہلے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں پرتگالی وزیر خارجہ نے قیام امن، سفارتکاری اور بات چیت میں پاکستان کے بہترین کردار کو سراہا۔

بشکریہ جیو نیوز