کراچی کی سڑکوں کی خراب صورتحال نے پیپلز بس سروس کے روٹس بھی محدودکردیے

فوٹو: فائل
کراچی کی سڑکوں کی خستہ حالی نے پیپلز بس سروس کے روٹس بھی محدود کردیے ہیں، خراب سڑکوں کے باعث پاور ہاؤس چورنگی سے ناصر جمپ تک چلنے والی R-3 بس کا روٹ تقریباً 3 کلومیٹرکم کردیا گیا۔
کراچی کی سڑکوں کی خراب صورتحال کے باعث شہریوں کو سفری مشکلات کا سامنا ہے، اب اس کے اثرات پیپلز بس سروس کے روٹس پر بھی پڑنے لگے ہیں۔ پاور ہاؤس چورنگی سے ناصر جمپ تک چلنے والی پیپلز بس سروس کے روٹ R-3 کو تقریباً تین کلومیٹر محدود کردیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق اب بس شان چورنگی سے ناصر جمپ جانےکے بجائے وہیں سے واپس روانہ ہوگی۔
انتظامیہ کا کہنا ہےکہ خستہ حال سڑکوں پر بسیں چلانے سےگاڑیوں کو کافی نقصان پہنچا ہے، یہ بسیں خراب سڑکوں پر چلانےکے لیے نہیں بنائی گئیں، سڑکوں کی بہتری کے لیے متعدد بار متعلقہ حکام سے اپیل بھی کی جاچکی ہے۔
پیپلز بس سروس انتظامیہ نے خبردار کیا ہےکہ اگر سڑکوں کی حالت بہتر نہ بنائی گئی تو مزید بس روٹس بھی محدود کرنا پڑسکتے ہیں۔
بشکریہ جیو نیوز