عظمیٰ بخاری کا شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل

عظمیٰ بخاری - فوٹو: فائل
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل دے دیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف تمام جماعتوں کو صوبوں کے معاملے میں اعتماد میں لے رہے ہیں، سب کو متفق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پارٹی کے باقی لوگ وقت آنے پر اپنی پالیسی واضح کریں گے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ ہمیں کسی بھی معاملے میں کسی کی ڈکٹیشن لینے کی ضرورت نہیں، آپ اپنا کام کریں، ہمارے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کوئی متفقہ فیصلہ کرے گی تو سب کو آگاہ کردیا جائے گا۔
اس معاملے پر جیو نیوز سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا تھا کہ سندھ اسمبلی 10 مرتبہ صوبے کی تقسیم مسترد کرچکی ہے، اگر اسمبلی کی قراردادوں کی اہمیت نہیں تو ایوان میں بیٹھنے کا کیا جواز ہے؟
انہوں نے کہا تھا کہ نئے صوبوں کا فیصلہ سڑکوں یا ٹاک شوز میں نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں ہوگا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نئے صوبوں کے معاملے پر حکمران جماعت مسلم لیگ ن واضح پالیسی دے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ