اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے: ایاز صادق

تازہ ترین
پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے: ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق : فائل فوٹو

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطینی بھائیوں بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

ایاز صادق نے فلسطینی عوام کے عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیا اور غزہ میں معصوم فلسطینیوں بالخصوص خواتین، بچوں کی شہادتوں اور تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائے، عالمی برادری غزہ کے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کیلئے موثرکردار ادا کرے۔

ایاز صادق نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا موقف واضح، اصولی اور غیر متزلزل ہے، پاکستان1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، القدس الشریف آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل کے بغیر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، مسئلہ فلسطین اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت میں آواز بلند کی ہے، اسرائیلی جارحیت کے خلاف پارلیمان کی منظور کردہ قراردادیں پاکستانی عوام کے جذبات کی عکاس ہیں، پاکستان بین الاقوامی پارلیمانی فورمز پر مسئلہ فلسطین اُجاگر کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔

ایاز صادق نے کہا کہ مسلم امہ اور عالمی برادری فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کو عملی اقدامات میں تبدیل کریں، اقوام متحدہ فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ، غیر قانونی قبضے کے خاتمے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ